رمضان المبارک میں موثر انتظامات کیلئے نمائندگی

قانون ساز کونسل میں محمد سلیم کی توجہ دہانی
ایک ماہ قبل انتظامات قطعیت دینے کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 27 ۔مارچ (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل محمد سلیم نے رمضان المبارک کے انتظامات کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس ایک ماہ قبل یعنی اپریل میں منعقد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل نے خصوصی تذکرہ کے تحت محمد سلیم نے رمضان المبارک کے انتظامات کا مسئلہ اٹھایا ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کی آمد سے قبل جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے تمام متعلقہ محکمہ جات کو ذمہ داریاں سونپ دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر رمضان سے عین قبل جائزہ اجلاس منعقد ہوتا ہے اور عہدیداروں کو اجلاس کے فیصلوں پر عمل آوری میں دشواری پیش آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ رمضان المبارک کے لئے بہترین انتظامات کے حق میں ہے ۔ ہر سال حکومت کی جانب سے ریاست کے تمام اضلاع میں مسلمانوں کیلئے دعوت افطار کا اہتمام کیا جاتا ہے اور غریبوں میں کپڑے تقسیم ہوتے ہیں۔ چیف منسٹر کی ستائش کرتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ کے سی آر اقلیت دوست چیف منسٹر ہیں اور تمام طبقات کے عید اور تہواروں کے موقع پر حکومت کی جانب سے انتظامات کئے جاتے ہیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران پانی اور برقی کی موثر سربراہی کے علاوہ مساجد کے اطراف صحت و صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سحر اور افطار کے موقع پر بطور خاص برقی کٹوتی نہ ہو اور ٹرانسکو کو چاہئے کہ موبائیل ٹرانسفارمرس کا انتظام کریں۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے تیقن دیا کہ رمضان کے انتظامات کا اجلاس اپریل میں منعقد ہوگا۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے محمد سلیم کو تیقن دیا کہ برقی اور پانی کی موثر سربراہی کیلئے عہدیداروں کو ہدایات دی جائیں گی۔