رمضان المبارک میں رات بھر کاروبار کی اجازت کیلئے کمشنر پولیس سے نمائندگی

برقی اور پانی کی مؤثر سربراہی ،مختلف محکمہ جات کو صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم کا مکتوب
حیدرآباد۔/4 مئی، ( سیاست نیوز) صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے رمضان المبارک کے انتظامات کے سلسلہ میں مختلف محکمہ جات کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ انہوں نے کمشنر پولیس، کمشنر جی ایچ ایم سی، ڈائرکٹر پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹیڈ، ڈیری ڈیولپمنٹ کوآپریٹیو فیڈریشن اور حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس سے خواہش کی کہ وہ رمضان المبارک کے ایک ماہ کے دوران گزشتہ سال سے بہتر انتظامات کو یقینی بنائیں۔ کمشنر پولیس انجنی کمار کو مکتوب میں محمد سلیم نے دکانات اور ہوٹلوں کو رات بھر کھلا رکھنے کی اجازت دینے کی خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے یہ روایت ہے کہ کاروبار کو رات بھر کھلا رکھنے کی اجازت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت تمام عید و تہوار سرکاری سطح پر منانے کا فیصلہ کرچکی ہے۔ انہوں نے امن و ضبط کی برقراری کے علاوہ افطار اور سحر کے موقع پر بطور خاص ٹریفک کے بہتر انتظامات کی خواہش کی۔ انہوں نے جمعۃ الوداع اور عیدالفطر کے موقع پر اہم مساجد اور عید گاہ میر عالم پر انتظامات کی خواہش کی۔ صدرنشین وقف بورڈ نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو 8 مختلف اُمور کی انجام دہی کا مشورہ دیا جن میں افطار کے موقع پر مساجد کے اطراف و اکناف صفائی کے انتظامات، دونوں شہروں میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، اسٹریٹ لائٹس کی درستگی، دن میں دو مرتبہ کچرے کی نکاسی، کچرے کی نکاسی کیلئے زائد گاڑیوں کا استعمال اور تمام محکمہ جات کے عہدیداروں پر مشتمل کنٹرول روم کے قیام کی تجویز شامل ہے۔ انہوں نے سنٹرل پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے ڈائرکٹر کو رمضان المبارک کے دوران بلاوقفہ برقی کی سربراہی جاری رکھنے کی خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مسجد ، شاہی مسجد اور دیگر اہم مساجد میں موبائیل ٹرانسفارمرس کا انتظام کیا جائے تاکہ برقی منقطع ہونے کی صورت میں تراویح میں کوئی خلل نہ ہو۔ محمد سلیم نے ڈیری ڈیولپمنٹ کوآپریٹیو فیڈریشن کو عیدالفطر کے موقع پر صحت بخش دودھ کی سربراہی کیلئے نمائندگی کی۔ میٹرو واٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر کو پانی کی موثر سربراہی اور ایسے علاقے جہاں سربراہی کا موثر انتظام نہیں ٹینکرس کے ذریعہ پانی سربراہ کرنے کی خواہش کی۔ انہوں نے آلودہ پانی کے بارے میں احتیاط برتنے اور پرانے شہر کے تمام علاقوں میں عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کرنے کا مشورہ دیا۔