رمضان المبارک میں حلیم کی دکانات و ریستوران پر بلدیہ کی نظریں

لاپرواہی پر سخت کارروائی کا انتباہ ، کمشنر بلدیہ کا بیان
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : ماہ رمضان المبارک کی معروف ڈش حلیم کے کاروباریوں کی اس مرتبہ خیر نہیں ۔ چونکہ بلدیہ نے جاریہ سال حلیم کے دکانات اور ریستوران پر سخت نظر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور ذرا سی بھی لاپرواہی کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے ۔ یہ بات کمشنر بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے بتائی ۔ انہوں نے آج میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں اور اس طرح رمضان کی معروف ڈش حلیم جو سب سے زیادہ استعمال کی جاتی ہے ۔ اس کی تیاری سے لے کر فروخت تک نظر رکھی جائے گی ۔ حلیم کی تیاری میں استعمال کی جانے والی اشیاء ، فروخت کے مقامات پر صحت و صفائی اور فروخت کے عمل کا مکمل جائزہ حاصل کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ بعض مقامات عوام کی کثیر تعداد ہوتی ہے لیکن ایسے حلیم دکانات کے مالکین صفائی کا خیال نہیں رکھتے اور رات میں بچنے والی حلیم کو دوسرے دن استعمال میں لاتے ہوئے فروخت کرنے کی شکایتیں پائی جاتی ہیں ۔ تاہم اس مرتبہ ایسے اقدامات کرنے والوں اور شہریوں کی صحت سے کھلواڑ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی ۔۔