رمضان المبارک میں برقی و آبرسانی کی موثر سربراہی، رات بھر کاروبار کی اجازت

صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم کا جائزہ اجلاس، مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کی شرکت
مساجد کے اطراف صحت و صفائی کے انتظامات
مکہ مسجد اور شاہی مسجد کیلئے خصوصی برقی سجاوٹ

حیدرآباد۔/5 مئی، ( سیاست نیوز) رمضان المبارک کے انتظامات کے سلسلہ میں صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی جانب سے طلب کردہ اجلاس میں تمام متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کرتے ہوئے ایک ماہ تک مکمل چوکسی کے ساتھ بہتر انتظامات کا یقین دلایا۔ برقی اور آبرسانی کی موثر سربراہی کے علاوہ مساجد کے اطراف صحت و صفائی کے انتظامات کئے جائیں گے۔ رمضان المبارک کے دوران کاروبار رات بھر کھلا رکھنے کی اجازت رہے گی اور پولیس امن و ضبط کی صورتحال قابو میں رکھنے کیلئے غیر سماجی عناصر اور بالخصوص منچلوں پر نظر رکھے گی۔ وقف بورڈ نے ایسی مساجد کمیٹیوں سے جنہیں کوئی ذرائع آمدنی نہیں ہے خواہش کی کہ مسجد کی آہک پاشی اور تزئین نو کے کاموں کے سلسلہ میں بورڈ سے رجوع ہوں تاکہ انہیں رقمی امداد منظور کی جاسکے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی جانب سے طلب کردہ اجلاس میں جوائنٹ کمشنر حیدرآباد سٹی پولیس ترون جوشی، ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون وی ستیہ نارائنا، ڈائرکٹر تلنگانہ پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن جے سرینواس ریڈی، جوائنٹ کلکٹر حیدرآباد سری وتسا کوٹا، ایڈیشنل کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن روی کرن کے علاوہ کے سائی بابا چیف جنرل منیجر پاور ڈسٹریبیوشن کارپوریشن، ڈی ایس موہن سپرنٹنڈنٹ انجینئر پاور ڈسٹریبیوشن کارپوریشن ،کے این سوامی سپرنٹنڈنٹ انجینئر حیدرآباد کنٹرول،آر شیوآنند ایکزیکیٹو انجینئر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن، اے سریش بابو حیدرآباد واٹر ورکس ،کے ارون کمار تلنگانہ ڈیری ڈیولپمنٹ کارپوریشن، محمد قاسم ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد اور دوسروں نے شرکت کی۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر بی شفیع اللہ ( آئی ایف ایس ) نے اجلاس کی کارروائی چلائی اور رمضان المبارک کے دوران شہر اور اضلاع کی مساجد اور مسلم اکثریتی علاقوں کی ضرورتوں سے واقف کرایا۔ میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں نے بتایا کہ پرانے شہر میں سڑکوں کی تعمیر کیلئے 7.5 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ نئے شہر کے علاقوں میں 16 لاکھ کے خرچ سے سڑکوں کی درستگی کا کام انجام دیا جائے گا۔ مکہ مسجد اور شاہی مسجد میں برقی سجاوٹ کیلئے 21 لاکھ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی سردار محل میں کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مسجد کے بیت الخلاؤں کی تعمیر اور دیگر مساجد کے اطراف دن میں دو مرتبہ کچرے کی نکاسی کا کام انجام دیا جائے گا۔صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے مساجد کے اطراف صفائی کے انتظامات کی ہدایت دی اور کہا کہ اکثر مقامات پر مچھروں کی کثرت کی شکایات ملتی ہیں۔ انہوں نے رمضان المبارک کے انتظامات جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ ڈپٹی کمشنر ساؤتھ زون وی ستیہ نارائنا نے کہا کہ رمضان کے انتظامات میں پولیس کا رول اہمیت کا حامل ہے۔ شب قدر، جمعۃ الوداع اور عیدالفطر کے موقع پر مؤثر انتظامات کئے جائیں گے۔ فرقہ پرست عناصر اور غیر سماجی عناصر پر نظر رکھی جارہی ہے اور انہیں پابند مچلکہ کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ رات میں کاروبار کی اجازت دی گئی ہے اور شہر کے علاوہ اضلاع سے بھی ہزاروں کی تعداد میں عوام چارمینار کے علاقے میں خریداری کے لئے آتے ہیں ۔ پولیس کی جانب سے منچلے نوجوانوں پر نظر رکھنے، چھیڑ چھاڑ کے واقعات کی روک تھام اور جیب کتروں سے حفاظت کیلئے سادہ لباس میں پولیس ٹیمیں موجود رہیں گی۔ شی ٹیموں کو بھی اس علاقے میں تعینات کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کے بہ آسانی بہاؤ کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ رمضان المبارک کے دوران کارڈن سرچ اور چبوترا مشن نہیں ہوگا۔ گزشتہ سال 250 افراد کو چھیڑ چھاڑ کے سلسلہ میں گرفتار کیا گیا تھا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ غریب چھوٹے کاروباریوں کو پولیس کی جانب سے کوئی ہراسانی نہیں رہے گی۔ محکمہ برقی کے عہدیداروں نے کہا کہ 18 ٹرانسفارمرس چارمینار کے اطراف لگائے جائیں گے۔ شہر میں جملہ 68 ڈسٹریبیوشن ٹرانسفارمرس کے استعمال کی تجویز ہے۔ مہدی پٹنم، چارمینار، آسمان گڑھ اور دیگر علاقوں کی نشاندہی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سحر، افطار اور تراویح کے وقت کسی خلل کے بغیر برقی سربراہی عمل میں آئے گی۔کسی بھی شکایت کے سلسلہ میں خصوصی سیل تشکیل دیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ 30 موبائیل ٹرانسفارمرس کو تیار رکھا جائیگا۔ واٹر ورکس کے عہدیداروں نے بتایا کہ پانی کی مؤثر سربراہی کے علاوہ مساجد اور ایسے علاقے جہاں سربراہی میں کمی ہے ٹینکرس کے ذریعہ پانی کا انتظام کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ کھلے میان ہولس بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ مؤثر انتظامات کے حق میں سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 70برسوں میں کسی حکومت میں اقلیتوں کی بھلائی کیلئے اس قدر کام انجام نہیں دیئے گئے جس کی مثال کے سی آر حکومت نے پیش کی ہے۔ کے سی آر نے رمضان میں دعوت افطار کے علاوہ غریبوں میں کپڑوں کی تقسیم کی اسکیم متعارف کی ہے تاکہ غریبوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز کی کمی کے نتیجہ میں مساجد کمیٹیاں وقف بورڈ سے رجوع ہوسکتی ہیں۔ ضرورت پڑنے پر اپنے ذاتی خرچ سے مساجد کی آہک پاشی کا کام انجام دینے کا محمد سلیم نے تیقن دیا۔چیف ایکزیکیٹو آفیسر بی شفیع اللہ نے واٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ بارش کے پانی کو مکہ مسجد میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے موثر انتظامات کریں کیونکہ مصلیوں کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے مکہ مسجد کے عارضی شیڈ کی درستگی کیلئے مجلس بلدیہ کو ہدایت دی۔