مدینہ منورہ کی طرز پر چھتریوں کی تنصیب ، سکریٹری اقلیتی بہبود دانا کشور کا عہدیداروں کے ساتھ دورہ
حیدرآباد۔26 اپریل (سیاست نیوز) سکریٹری اقلیتی بہبود ایم داناکشور نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مکہ مسجد میں ضروری مرمتی اور صفائی کے کاموں کی اندرون 10 یوم تکمیل کردی جائے۔ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل تمام اہم کام مکمل ہوجانے چاہئیں۔ دانا کشور نے آج اقلیتی بہبود، پولیس، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور واٹر ورکس کے اعلی عہدیداروں کے ہمراہ تاریخی مکہ مسجد کا دورہ کیا اور رمضان المبارک کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مدینہ منورہ کی طرح مکہ مسجد کی صحن میں مستقل طور پر چھتریوں کی تنصیب کی تجویز سے اتفاق کیا اور کہا کہ خودکار چھتریوں کے سلسلہ میں حکومت کو تجویز پیش کی جائے گی۔ چھتریوں کی تنصیب سے صحن میں شامیانوں کی تنصیب کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود کے ہمراہ سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور، ڈپٹی کمشنر سائوتھ زون ستیہ نارائنا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سائوتھ زون غوث محی الدین، سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی، جی ایچ ایم سی واٹر ورکس اور اقلیتی بہبود کے عہدیدار موجود تھے۔ مسجد کے مصلیوں نے شکایت کی کہ صحن میں نصب کیا جانے والا شیڈ ناکافی ہے جس پر سکریٹری اقلیتی بہبود نے شیڈ میں توسیع کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک اور خاص طور پر جمعہ کے موقع پر مصلیوں کو کوئی تکلیف نہیں ہونی چاہئے۔ دھوپ سے بچائو کے لیے وسیع تر شیڈ کی تنصیب ضروری ہے۔ انہوں نے خواتین کے لیے تراویح کے موقع پر خصوصی شامیانے کا انتظام کا تیقن دیا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے ٹائلٹس اور باتھ رومس کی تعمیر جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ رمضان المبارک سے قبل تمام کام مکمل کرلیے جائیں۔ واٹر ورکس اور جی ایچ ایم سی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ رمضان کے تمام انتظامات جنگی خطوط پر مکمل کرلے اور مصلیوں کو کوئی شکایت کا موقع نہ دیں۔ اس موقع پر پروفیسر ایس اے شکور نے شیڈ اور شامیانوں کے بجائے مدینہ منورہ کی طرح مستقل آٹومیٹک چھتریوں کی تنصیب کی تجویز پیش کی اور تفصیلات سے واقف کروایا۔ انہوں نے کہا کہ چھتریوں کی تنصیب سے نہ صرف دھوپ بلکہ بارش سے بھی بچائو ہوسکتا ہے اور مکہ مسجد کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے اس تجویز سے اتفاق کیا اور کہا کہ تفصیلات کے ساتھ چیف منسٹر کو رپورٹ پیش کی جائے گی اور انہیں یقین ہے کہ چیف منسٹر اس تجویز کو منظوری دیں گے۔ چیف منسٹر کی منظوری کے بعد آئندہ سال تک اس کام کی تکمیل کے اقدامات کیے جائیں گے۔ سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی نے چھت کی تعمیر و مرمت کے کاموں سے واقف کروایا۔