رمدی میں عراقی افواج کی فتح پر امریکہ نے زبردست ستائش کی

اس کامیابی سے دولت اسلامیہ کے خلاف ہماری لڑائی ختم نہیں ہوئی : امریکی وزیر دفاع
واشنگٹن ۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دولت اسلامیہ کے خلاف جاری جنگ نے اس وقت ایک نیا موڑ لے لیا جب رمدی شہر پر عراقی افواج کا دوبارہ قبضہ ہوگیا۔ رمدی سے دولت اسلامیہ کو پسپا ہونے پر مجبور ہونا پڑا۔ اس صورتحال کی امریکہ نے بھی زبردست ستائش کی ہے جو خود اس بات کا خواہاں ہے کہ نہ صرف رمدی بلکہ ہر اس مقام سے دولت اسلامیہ کو نکال باہر کیا جائے جنہوں نے وہاں قبضہ جما رکھا ہے اور خون کی ہولی کھیل رہی ہے۔ امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر کے بھی ایک انتہائی مؤثر بیان دیتے ہوئے کہا کہ عراقی فورسیس کے ذریعہ دولت اسلامیہ کا رمدی سے قبضہ حاصل کرلیا یقینا ایک کارنامہ ہے جس کی جتنی بھی ستائش کی جائے کم ہے جس کیلئے امریکہ کی قیادت والی اتحادی افواج نے بھی اہم رول ادا کیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ایک بار پھر ضروری ہیکہ عراق نے کل یہ اعلان کیا تھاکہ رمدی کو دولت اسلامیہ کے قبضہ سے آزاد کروالیا گیا ہے۔ فی الحال تمام علاقوں کی شدید جانچ پڑتال کی جارہی ہے تاکہ دولت اسلامیہ کے ذریعہ نصب کئے گئے بعض ایسے بم جو اب تک دھماکہ سے نہیں پھٹے ہیں، انہیں ناکارہ کردیا جائے اور ان نعشوں کی تلاش کی جارہی ہے جو ممکنہ طور پر دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کی ہوسکتی ہے

جنہیں وہ چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ ایشٹن کارٹر نے عراقی وزیراعظم کو مبارکباد دی اور کہا کہ رمدی کو دوبارہ حاصل کرلینا ہم سب کی مشترکہ جدوجہد کا نتیجہ ہے لہٰذا اب یہ عراقی حکومت کی ذمہ داری ہیکہ وہ مقامی اور صوبائی حکام کے ساتھ مشترکہ طور پر رمدی پائیدار امن اور استحکام کے لئے خود کو وقف کردے۔ دولت اسلامیہ کی واپسی کی تمام راہیں مسدود کردینی چاہئے اور انہیں اب خواب میں بھی رمدی کی جانب نہ دیکھنے کا ماحول پیدا کیا جانا چاہئے۔ رمدی کو دوبارہ حاصل کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ دولت اسلامیہ کے خلاف ہماری لڑائی اپنے منطقی انجام کو پہنچ گئی۔ ہماری لڑائی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک دنیا دولت اسلامیہ کے وجود سے پاک نہ ہوجائے۔ حالانکہ رمدی کو اب بھی مکمل طور پر محفوظ نہیں کہا جاسکتا لیکن شہریوں کے دل و دماغ سے دولت اسلامیہ کا خوف دور کرنے میں بڑی حد تک کامیابی ملی ہے لیکن بعض علاقے اب بھی دولت اسلامیہ کے قبضہ میں ہیں جہاں سے انہیں جلد ہی نکال باہر کیا جائے گا۔ ہمارے لئے یہ اطمینان کی بات ہے کہ اس وقت رمدی میں عراقی پرچم لہرا رہا ہے۔ عراقی افواج نے بھی جس جانفشانی کا مظاہرہ کیا ہے وہ بے مثال ہے۔ دولت اسلامیاہ جیسی سفاک تنظیم سے نبردآزما ہونا ہر ایک کے بس کی بات نہیں تھی لیکن عراقی افواج کی جتنی ستائش کی جائے وہ کم ہے جبکہ موصل، رقہ اور عراق و شام کے دیگر علاقوں میں دولت اسلامیہ کا سیاہ پرچم لہرا رہا ہے لیکن ہمیں توقع ہیکہ انہیں وہاں سے پسپا ہونا پڑے گا اور شکست فاش کے بعد دولت اسلامیہ کو کہیں ڈھونڈنے سے بھی پناہ نہیں ملے گی۔ سان برنارڈینو، پیرس ، بیروت، انقرہ میں حملوں اور کوہ سینائی میں روسی طیارے کو مار گرایا جانا دہشت گردی کے ایسے واقعات ہیں جو عوام کے ذہن سے آسانی سے نکالے نہیں جاسکتے۔

 

وزیراعظم عراق کا دورہ رمدی
رمدی ۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم عراق حیدر العبادی نے آج رمدی کا ایک روزہ دورہ کیا جبکہ عراقی فوج نے اعلان کیا کہ شہر کو دولت اسلامیہ سے آزاد کروالیا گیا ہے۔ عبادی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ یہاں پہنچے اور انہوں نے عہد کیا کہ دہشت گرد فوج سے ہمیشہ جنگ کریںگے۔