رقیب الحسن سے ملاقات جھارکھنڈ کے وزیر کا اعتراف

رانچی ۔ 2 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جھارکھنڈ کے وزیر حاجی حسین انصاری نے اعتراف کیا ہے کہ وہ قومی نشانہ باز تارا سہدیو کے شوہر رنجیت کوہلی عرف رقیب الحسن سے جانتے ہیں اور تارا سہدیو کی شادی کے بعد منعقدہ ڈنر میں شرکت بھی کی۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ رقیب الحسن سے ان کی دو یا تین مرتبہ ملاقات ہوئی۔ جھارکھنڈ اسمبلی کا جب مانسون سیشن جاری تھا ، انہیں رقیب الحسن نے ڈنر میں شرکت کیلئے مدعو کیا تھا کیونکہ وہ شادی میں شریک نہیں ہوسکے تھے۔ اس ڈنر میں انہیں پتہ چلا کہ یہ شادی ہندو اور مسلم طریقہ سے انجام پائی ۔ انہوں نے بتایا کہ رقیب الحسن نے ان سے ملاقات کی اور کہا کہ وہ شجر کاری کیلئے سرگرم این جی او چلا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق رقیب الحسن کے موبائیل فون کال ریکارڈس میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ وہ کئی عدالتی ، پولیس عہدیداران اور سیاستدانوں سے ربط قائم کئے ہوئے تھے۔ تارا سہدیو نے جو قومی سطح کی رائفل شوٹنگ چمپین اور گولڈ میڈلسٹ ہیں، اپنی شکایت میں پولیس کو بتایا کہ جولائی میں ان کی شادی رنجیت کوہلی سے ہوئی۔ یہ شادی ہندو رسم و رواج کے مطابق انجام پائی لیکن رمضان کے مہینے میں انہیں دعوت ناموں کے ذریعہ یہ پتہ چلا کہ ان کے شوہر کا اصل نام رقیب الحسن ہے۔ انہوں نے کوہلی اور دیگر 20 افراد پر مذہب تبدیل کرنے کیلئے مجبور کرنے کا الزام عائد کیا۔