ویڈیو کیمروں کے ساتھ انتخابی مبصرین، آزادانہ رائے دہی کیلئے پولیس کو ہدایت
حیدرآباد۔/31جنوری، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی انتخابی مہم کے اختتام کے ساتھ ہی اسٹیٹ الیکشن کمیشن اور ان کے مبصرین آزادانہ و منصفانہ رائے دہی کو یقینی بنانے کیلئے متحرک ہوچکے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مبصرین اور پولیس کی جانب سے آئندہ 24گھنٹوں میں تمام بلدی حلقوں میں سخت چوکسی اختیار کی جائے گی تاکہ سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم یا پھر رائے دہندوں کو دولت یا تحائف کے ذریعہ راغب کرنے کی کوششوں سے روکا جاسکے۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے انتخابی مبصر کی حیثیت سے کئی سینئر آئی اے ایس عہدیداروں کی خدمات حاصل کی ہیں اور ہر عہدیدار کے تحت 5تا 7 بلدی وارڈز الاٹ کئے گئے۔ ان کے علاوہ مائیکرو آبزرورس کو بھی تعینات کیا گیا جو ویڈیو کیمروں کے ذریعہ مختلف علاقوں میں سرگرم رہیں گے۔ الیکشن کمیشن کو کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری طور پر مبصرین کو روانہ کیا جائے گا۔ پولیس کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی کسی بھی خلاف ورزی پر کڑی نظر رکھے۔ اسی دوران اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے 2فبروری کو رائے دہی کی رائے دہی کی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ 150 ڈیویژنس میں 7802 پولنگ اسٹیشنس قائم کئے گئے ہیں اور انتخابی عملہ پیر کی شام تک اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشن پہنچ جائے گا۔ وہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ساتھ پولنگ اسٹیشن میں رات میں قیام کریں گے کیونکہ دوسرے دن صبح 7بجے سے رائے دہی کا آغاز ہوگا جو شام 5بجے تک جاری رہے گا۔ الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق 5بجے شام تک قطار میں رہنے والے رائے دہندوں کو وقت گذرنے کے بعد بھی حق رائے دہی سے استفادہ کی اجازت دی جائے گی۔ انتخابی ڈیوٹی کیلئے 46545 افراد پر مبنی انتخابی عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ 7760 زائد پولنگ اسٹاف، 1500مائیکرو آبزرورس تعینات کئے گئے ہیں۔ ہر پولنگ اسٹیشن میں 5 عہدیدار موجود رہیں گے۔ حساس علاقوں میں پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر سی سی کیمرے نصب رہیں گے اور پولیس کے بھی معقول انتظامات ہوں گے۔ رائے دہندوں کی سہولت کیلئے پولنگ اسٹیشن کے باہر تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ معذورین کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔ گریٹر انتخابات میں رائے دہندوں کی جملہ تعداد 74 لاکھ 23 ہزار 980 ہے جن میں39لاکھ 69ہزار مرد اور 34لاکھ 53ہزار 910 خاتون رائے دہندے شامل ہیں۔ 5فبروری کو ووٹوں کی گنتی ہوگی جس کیلئے 24مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ ووٹوں کی گنتی کیلئے 3200 کاؤنٹنگ عہدیداروں کو متعین کیا جائے گا۔