رقم کی بات نہ کرو ،کیا تم بیوقوف ہو؟ رام دیو کا بیان کیمرے میں قید

الوار۔17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) یوگا گرو بابا رام دیو آج پھر تنازعہ میں گھر گئے اور انہیں ٹی وی کیمرے پر بی جے پی امیدوار مہنت چند ناتھ کو یہ سمجھاتے ہوئے قید کرلیا گیا کہ جب مائیک آن ہو ، وہ رقم کی بات نہ کریں۔ پریس کانفرنس شروع ہونے سے عین قبل چند ناتھ نے رام دیو سے کہا کہ انہیں رقمی مشکلات کا سامنا ہے جس پر یوگا گرو نے انہیں خبردار کیا کہ مائیکرو فون آن ہیں اور وہ رقم کے بارے میں کوئی بات نہ کریں۔ ان کی یہ بات ریکارڈ کرلی گئی جس میں یہ کہتے دکھایا گیا کہ ’’اپنی بات فوری ختم کرو، کیا تم بیوقوف ہو‘‘۔ چند ناتھ نے صورتحال کو بھانپ لیا اور مسکراکر خاموشی اختیار کرلی ۔ بعد ازاں انہوں نے کہا کہ رام دیو سے اس بارے میں ایسی کوئی بات نہیں ہوئی ۔