رعیتو بندھو اسکیم کا 10 مئی کو افتتاح

کسانوں میں 58 لاکھ روپئے کے چیکس کی تقسیم ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 8 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ حکومت کی باوقار رعیتو بندھو اسکیم پر عمل آوری کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہوچکے ہیں ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر 10 مئی کو حضور آباد ضلع کریم نگر میں اسکیم کا افتتاح کریں گے ۔ کسانوں میں تقسیم کرنے کے لیے 58 لاکھ چیکس تیار کئے گئے ۔ 5608 کروڑ روپئے بنکوں میں جمع کردئیے گئے ۔ پٹہ پاس بکس کی طباعت میں بدعنوانیوں کی تردید کی ۔ محمد محمود علی نے رعیتوبندھو اسکیم کا جائزہ لینے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں میں چیکس اور نئے پٹہ پاس بکس تقسیم کرنے کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہوچکے ہیں ۔ 10 مئی کو چیف منسٹر کے سی آر حضور آباد ضلع کریم نگرمیں باوقار اسکیم کا افتتاح کرنے کے بعد عوام سے خطاب کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 1,40,98,486 ایکڑ زرعی اراضی کے کسانوں میں رعیتو بندھو اسکیم کے تحت 5608 کروڑ روپئے زرعی سرمایہ کاری تقسیم کی جائے گی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ کسانوں میں چیکس اور پٹہ جات پاس بکس کے تقسیم کی ویڈیو گرافی کی جائے گی ۔ خلیجی ممالک میں رہنے والے کسانوں کے ارکان خاندان میں چیکس تقسیم کئے جائیں گے ۔ چیکس کی تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے 2 ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پٹہ پاس بکس میں چھوٹی چھوٹی غلطیوں پر پریشان نہ ہونے کا کسانوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کی درستگی کے لیے کلکٹرس کو اختیارات دئیے گئے ہیں ۔ شناخت کے لیے آدھار ، پاسپورٹ ، ڈرائیونگ لائسنس ووٹر کارڈ کوئی بھی پیش کرنے پر چیکس حوالے کیے جائیں گے ۔ جو کسان چیکس حاصل کرنے کے خواہش مند نہیں ہے ۔ وہ ان چیکس کو کسان سمیتیوں کے کھاتوں میں جمع کرنے سے اس رقم کو کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے خرچ کرنے کا اعلان کیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کی جانب سے نئے پٹہ پاس بکس کی طباعت میں 80 کروڑ روپئے کی بدعنوانیاں ہونے کے لگائے گئے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نئے پٹہ پاس بکس کی طباعت کے لیے جملہ 90 کروڑ روپئے مختص کئے گئے تو 80 کروڑ روپئے کی بدعنوانیاں کیسے ہوں گی ۔ اتم کمار ریڈی سے استفسار کیا اور کہا کہ ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا کرنے والی کانگریس پارٹی کسانوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے کاموں کی تائید کرنے کے بجائے جھوٹے الزامات عائد کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ کانگریس اپنے رویے میں تبدیلی نہیں کرے گی تو آئندہ عام انتخابات میں اس کو اصل اپوزیشن کا بھی موقف حاصل نہیں ہوگا ۔۔