نئی دہلی ۔ 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ایل پی جی سبسیڈی کو واجبی بنانے کی وکالت کرتے ہوئے ماقبل بجٹ معاشی سروے نے پکوان گیس کے سلنڈروں کی تعداد کو موجودہ 12 سے گھٹا کر فی گھرانہ 10 سلنڈر کردینے پر زور دیا ہے۔ یہ سلنڈرس مارکٹ کی قیمت سے کم نرخ پر فراہم کئے جارہے ہیں۔ موجودہ طور پر تمام گھرانے 12 ایل پی جی سلنڈرس حاصل کرنے کے مستحق ہیں جو مارکٹ کی قیمت 575 روپئے کے برخلاف 419.26 روپئے کی رعایتی شرح پر فراہم کئے جارہے ہیں۔ 12 سلنڈروں کے بعد مزید ضرورت پر سلنڈرس مارکٹ کی قیمت پر خریدے جاسکتے ہیں۔ پارلیمنٹ میں پیش کردہ سروے میں کہا گیا کہ ایل پی جی سبسیڈی کو واجبیت عطا کرنا ضروری ہے۔ ہر گھرانہ کیلئے 10 ایل پی جی سلنڈرس تک سبسیڈی کی حد مفید رہے گی ۔ اس ضمن میں جنوری 2014ء میں نظرثانی کی گئی تھی۔