رعایتی ایل پی جی سلنڈر کوٹہ میں اضافہ حکومت کے زیر غور

نئی دہلی 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) حکومت نے آج کہا کہ وہ سبسیڈی والے ایل پی جی سلنڈروں کا کوٹہ موجودہ 9 کی حد سے بڑھا کر سالانہ فی گھرانہ 12 سلنڈرس کردینے کے مطالبہ کا ’’جائزہ ‘‘ لے گی ، وزیر فینانس پی چدمبرم نے یہ بات بتائی۔ ایک روز قبل ہی سبسیڈی کے بغیر ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 220 روپئے کا بڑا اضافہ کردیا گیا ۔

یو پی پی ایس سی چیر مین کی برخاستگی کا مطالبہ ،طلبہ کی پولیس سے جھڑپ
الہ آباد 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اُتر پردیش پبلک سرویس کمیشن کے چیر مین و سکریٹری کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے اسٹوڈنٹس کے گروپ نے آج پولیس والوں کے ساتھ جھڑپ کی اور ایک سرکاری گاڑی کو نذر آتش کردیا۔ مقامی نظم و نسق نے بی جے پی قائدین کو طلبہ کو بھڑکانے کا مورد الزام ٹھہرایا ، جو اس کمیشن میں مبینہ کرپشن کی سی بی آئی تحقیقات کا بھی مطالبہ کررہے ہیں ۔ بعدازاں اس واقعہ کے سلسلہ میں متعدد افراد بشمول ایک مقامی بی جے پی لیڈر کو گرفتار کرلیا گیا۔