بالی ووڈ میں اداکار عرفان خان اور اداکارہ سونالی بیندرے کے بعد اب رشی کپور کے بھی کینسر جیسی جان لیوا بیماری سے متاثر ہونے کی افواہیں گشت کررہی ہیں۔ عرفان خان کو برین ٹیومر ہوا اور وہ لندن میں اس کا علاج کروا رہے ہیں۔ سونالی بیندرے کو ہائی اسٹیج میٹااسٹیٹک کینسر ہے اور وہ علاج کے لئے نیویارک میں ہے۔ غور طلب ہے کہ رشی کپور بنا اپنی بیماری کا خلاصہ کئے کچھ دن پہلے امریکہ علاج کے لئے چلے گئے۔ انہی حالات میں پچھلے دنوں ان کی ماں کرشنا کپور کا انتقال ہوا لیکن وہاں رشی کپور اپنی ماں کا آخری دیدار نہ کرسکے۔ رشی کے ساتھ ان کی پتنی نیتو سنگھ اور بیٹے رنبیر کپور بھی گئے ہوئے ہیں۔ رشی کپور کس بیماری سے متاثر ہیں اس بات کا ابھی تک مصدقہ علم نہ ہوسکا، لیکن بالی ووڈ میں ایک ہی افواہ پھیلی ہوئی ہے کہ انہیں کینسر ہوگیا ہے۔ ویسے انہیں کمر میں درد کی بڑی شکایت ہے۔ اس لئے ان کے علاج میں احتیاط برتی جارہی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ رشی کپور ایکٹریس جوہی چاولہ کے ساتھ سونی پکچرز انٹرنیشنل پروڈکشنس کی فلم کررہے ہیں جس کی شوٹنگ روک دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ رشی کپور پچھلی بار 102 ناٹ آؤٹ میں دیکھے گئے تھے۔ رشی کپور سے متعلق ان کی بیماری کی خبر میں کتنی سچائی ہے یہ تو وقت ہی بتائے گا لیکن ہماری نیک تمنائیں ہیں کہ وہ جلد صحتیاب ہو جائیں۔