حیدرآباد 5 جنوری (این ایس ایس ) لوک ستہ پارٹی کے قائدین اپنے قومی صدر ڈاکٹر جئے پرکاش نارائن کی قیادت میں 11 جنوری کو دہلی میں عام آدمی پارٹی کے بانی اور دہلی کے چیف منسٹر اویند کجریوال سے ملاقات کریں گے ۔ڈاکٹر جئے پرکاش نارائن نے آج یہاں اپنی پارٹی میں مسلم نوجوانوں کی ایک کثیر تعداد کی شمولیت کے موقع پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی نے دہلی میں عام آدمی پارٹی کی کامیابی کیلئے کام کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ کجریوال کی مہم چلانے اور انہیں ہندوستان کے علاوہ بیرونی ممالک سے فنڈس دلانے کیلئے لوک ستہ کے والینٹرس روانہ کئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ لوک ستہ تحریک نے 17 سال قبل اپنی مہم شروع کی تھی اور 7 سال قبل پارٹی تشکیل دی گئی جس کا نتیجہ ہے کہ جو لوگ سیاست اور انتخابات سے دوری اختیار کرچکے تھے اب سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور حق رائے دہی سے استفادہ کرنے پر فخر محسوس کررہے ہیں
جس کا ناقابل قیاس نتیجہ یہ نکلا کہ دہلی میں عوام نے عام آدمی پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا اور اس کو حکومت بنانے کا موقع فراہم کیا ۔ ڈاکٹر جئے پرکاش نارائن نے کہا کہ ملک سے رشوت ستانی اور خاندانی حکمرانی کو ختم کرنا وقت کا اہم ترین تقاضہ ہے اس مقصد کیلئے صاف ستھری سیاست کو فروغ دینا ضروری ہے ۔ ڈاکٹر جئے پرکاش نارائن نے عوام پر زور دیا کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے دست تعاون دراز کریں ۔ ایک سوال پر ڈاکٹر جئے پرکاش نارائن نے کہا کہ لوک ستہ پارٹی نے آندھرا پردیش اسمبلی کی تمام 294 نشستوں پر مقابلہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔