رشوت لے کر تنازعہ حل کرنے والا ایس آئی معطل

مہدی پٹنم کی خاتون کے سامنے شوہر کو زدوکوب کا پولیس کمشنر نے سخت نوٹ لیا
حیدرآباد۔/9مئی، ( سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس میں رشوت خوری کے معاملات اور تنازعات کی یکسوئی میں پولیس ملازمین کے ملوث ہونے کے رجحان میں اضافہ دیکھا جارہا ہے حالانکہ پولیس کمشنر اس کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دے چکے ہیں لیکن باوجود اس کے حالات میں کوئی تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔ پولیس وردی کا بیجا استعمال کرنے کی پاداش میں گزشتہ ماہ سعید آباد پولیس اسٹیشن سے وابستہ ایک کانسٹبل و ہوم گارڈ کو معطل کردیا گیا تھا جبکہ دو دن قبل ایس آر نگر انسپکٹر کو ایک کانسٹبل اور ہوم گارڈ کی جانب سے کھلے عام وائن شاپ سے شراب خریدنے اور اسے پولیس گاڑی میں منتقل کرنے پر وجہ نمائی نوٹس جاری کی گئی تھی۔ ایک تازہ ترین واقعہ میں سیول تنازعات میں ملوث ہونے والے ایک سب انسپکٹر کو کمشنر پولیس نے آج معطل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ کمشنر پولیس انجنی کمار نے سٹی پولیس کے تمام عہدیداروں کو واٹس ایپ کے ذریعہ ایک آڈیو میسیج روانہ کیا جس میں چلکل گوڑہ پولیس اسٹیشن سے وابستہ پولیس عملے کے سیول تنازعات میں ملوث ہونے اور درخواست گذار سے بدسلوکی کرنے پر برہمی ظاہر کی اور انتباہ دیا۔ چلکل گوڑہ پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر کے راجیش نے مبینہ طور پر مہدی پٹنم کی ساکن ایک خاتون اور اس کے شوہر کو پولیس اسٹیشن طلب کیا اور ان کے ساتھ بدسلوکی کی گئی جس کے نتیجہ میں مذکورہ خاتون نے کمشنر پولیس سے رجوع ہوکر اس سلسلہ میں شکایت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ سب انسپکٹر نے پدما راؤ نگر کے ساکن ایک شخص جو کاروباری لین میں دھوکہ دہی کا شکار ہوا تھا کی شکایت حاصل کرنے کے بعد ایک خاتون اور اس کے شوہر کو پولیس اسٹیشن طلب کیا اور بیوی کے روبرو شوہر کو زدوکوب کیا گیا۔ اس تمام معاملہ کا پتہ چلنے پر کمشنر پولیس انجنی کمار نے فوری تحقیقات کا حکم دیا اور اسپیشل برانچ سے رپورٹ موصول ہونے کے بعد سب انسپکٹر کو معطل کردیا گیا۔ کمشنر پولیس انجنی کمار نے اپنے آڈیو میسیج میں تمام پولیس ملازمین سے کہا کہ وہ شہریوں کے وقار اور عزت نفس کا خاص خیال رکھیں اور عوام کے ساتھ دوستانہ رویہ اختیار کریں۔ انہوں نے اپنے پیام میں کہا کہ اراضی یا سیول تنازعات میں پولیس کے ملوث ہونے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس قسم کے واقعات سے پولیس کی ساکھ متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ حیدرآباد سٹی پولیس سے وابستہ کسی بھی پولیس ملازم کی جانب سے انہیں ناجائز طور پر ہراساں کئے جانے یا پھر تنازعات کی یکسوئی کیلئے دباؤ ڈالنے پر راست طور پر اُن سے بالراست ملاقات کریں اور اپنے مسائل سے واقف کروائیں۔