نئی دہلی ۔ 29 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) رشوت ستانی کو گھناؤنے جرم کے زمرہ میں لاتے ہوئے مرکزی کابینہ نے آج رشوت لینے اور دینے والوں کو دی جانے والی سزا کی مدت کو موجودہ 5 سال سے بڑھاکر 7 سال کردینے کی تجویزکو منظوری دیدی ہے ۔ اس خصوص میں کابینہ نے انسداد رشوت ستانی قانون میں سرکاری ترمیمات بھی انجام دی ہیں۔ اس ترمیم کے بعد انسداد رشوت قانون 1988 کو مزید سخت بنایا گیا ہے۔ اس قانون کے تحت رشوت لینا اوردینا دونوں ہی سنگین جرم ہوں گے ۔ رشوت دینے والے کو بھی اتنی ہی سزا ہوگی جو رشوت لینے والے کو دی جائے گی ۔ پیانل دفعات کو کم از کم 6 ماہ سے 3 سال اور اعظم ترین پانچ سال سے 7 سال سزا دینے کافیصلہ کیا گیا ہے۔ اس ترمیم کے ذریعہ قانون کو سخت گیر بنایا گیا اور رشوت کو ایک گھناؤنا جرم قرار دیا گیا ۔