رشوت ستانی کیخلاف نریندر حکومت کی منافقت، سی پی آئی (ایم) کا الزام

نئی دہلی 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی (ایم) نے رشوت ستانی کے خلاف لڑائی میں نریندر مودی حکومت کی ’منافقت‘ کو آج اپنے تنقیدی حملے کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف رشوت کے مقدمات کا چُن چُن کر انتخاب کررہی ہے۔ سی پی آئی (ایم) پولیٹ بیورو نے وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے گزشتہ روز دیئے گئے بیان کا مذاق اُڑایا جس میں اُنھوں نے کہا تھا کہ رشوت کے معاملہ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ سی پی آئی (ایم) نے بشمول ویاپم اسکام پناما پیپرس کے علاوہ کرناٹک میں کانکنی اسکام کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی فی الفور تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ پولٹ بیورو نے اپنے بیان میں کہاکہ ’’بی جے پی کے زیراقتدار ریاستوں میں رشوت ستانی کی فہرست طویل ہوتی جارہی ہے۔

 

انصارالبنگلہ کے رکن کا سراغ دینے پر 25 ہزار روپئے انعام کا اعلان
لکھنؤ۔ 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) یوپی اے ٹی ایس نے دہشت گرد تنظیم انصارالبنگلہ کے رکن توحید الرحمن عرف فظر متوطن بنگلہ دیش کا سراغ دینے والے کو 25,000 روپئے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے خلاف دھوکہ دہی اور غیرقانونی سرگرمیاں ، انسدادی قانون کے تحت مقدمات درج ہیں۔ توحید مبینہ طور پر سہارنپور کے علاقہ دیوبند میں کئی مرتبہ دیکھا گیا ہے۔ اس کے خلاف مقدمہ یو پی اے ٹی ایس نے مقامی پولیس اسٹیشن میں درج کروایا ہے۔