رشدی کو فرینکفرٹ کی دعوت پر ایران کا بائیکاٹ

تہران 6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایران نے دھمکی دی ہے کہ آئندہ ہفتہ فرینکفرٹ میں کتاب میلہ کا بائیکاٹ کرے گا کیوں کہ منتظمین نے بدنام زمانہ مصنف سلمان رشدی کو اِس میں شرکت کے لئے مدعو کیا ہے۔ جبکہ ایران کا فتویٰ رشدی کے خلاف ہنوز موجود ہے۔ سلمان رشدی کو مہمان مقرر کی حیثیت سے مدعو کیا گیا ہے۔ وہ اب برطانوی شہری ہے لیکن امریکہ میں مقیم ہے۔ اُس کے خلاف فتویٰ جاری کیا گیا تھا، 1988 ء میں چوتھی ناول ’’شیطانی کلمات‘‘ کی اشاعت کے بعد اُس کو قتل کردینے کا فتویٰ جاری کیا گیا تھا، جس کے بعد وہ روپوش ہوگیا۔ برطانوی حکومت نے رشدی کو حالیہ برسوں میں پولیس تحفظ فراہم کیا تھا۔ وہ جب بھی کسی عوامی تقریب میں شرکت کرتا، اُسے تحفظ فراہم کیا جاتا۔ کئی بار اس کی شرکت مختصر مدتی نوٹس کے ذریعہ منسوخ کردی گئی تھی۔ ایران کے نائب وزیر برائے ثقافت عباس صالحی نے خبررساں ادارہ اثنا سے کل کہاکہ رشدی کی فرینکفرٹ کے میلہ میں موجودگی کے خلاف ایران نے بطور احتجاج اس کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ دنیا کا سب سے بڑا کتاب میلہ ہوتا ہے۔