آسرا اسکیم پر بھی رہبری، ہیلپ لائن کاؤنٹرس کا قیام
حیدرآباد 30 مارچ (سیاست نیوز) ادارہ سیاست اور ملت فنڈ کی جانب سے یکم اپریل کو ریگل فنکشن ہال بنڈلہ گوڑہ میں ہونے والے دو بہ دو ملاقات پروگرام میں والدین کیلئے رشتوں کی سہولت مہیا کی جارہی ہے۔ وہیں حکومت تلنگانہ کی جانب سے اقامتی اسکولس میں داخلوں کیلئے (آن لائن) رجسٹریشن کاؤنٹرس قائم کیا جارہا ہے تاکہ پرانے شہر کے والدین اس سہولت سے استفادہ حاصل کرسکیں۔ واضح رہے کہ حکومت میناریٹی ریسیڈنشیل اسکولس میں پانچویں تا نویں جماعت (انگریزی میڈیم) طلباء کے مفت داخلہ دے رہی ہے۔ آن لائن رجسٹریشن کے لئے دو عدد فوٹوز اور آدھار کارڈ ضروری ہے۔ داخلہ کی عمر کم از کم 9 سال رکھی گئی ہے۔ والدین اور سرپرست داخلوں میں عجلت کریں۔ ان اقامتی اسکولس میں حکومت کی جانب سے طلباء کو مفت کتابیں، ڈریس، طعام اور قیام، کھیل کود کی سہولت رکھی گئی ہے۔ شہر کے خدمت گذار و سماجی کارکنان سے خواہش کی جاتی ہے کہ وہ اپنی اپنی بستیوں کے غریب و بے سہارا بچوں کو ان اقامتی اسکولس میں داخلہ دلوانے میں رہبری و رہنمائی کریں۔ پروگرام میں حکومت کی آسرا اسکیم کے تحت بیواؤں، معذورین، عمر رسیدہ افراد میں وظائف کے ضمن میں تفصیلات کے لئے ہیلپ لائن کاؤنٹر بھی قائم کیا جارہا ہے۔ یہ تفصیلات سید سلیم الدین فون نمبر 9391042776 پر ربط کریں۔