رسول پورہ کے ہیلتھ سنٹر میں سینئیر ڈاکٹرس کی قلت

٭ چند کمروں کے دواخانے سے روزانہ 100 مریض رجوع
٭ خانگی ڈاکٹروں کی بھاری فیس سے غریب عوام پریشان
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : رسول پورہ وارڈ نمبر 2 کی تقریبا 1.3 لاکھ آبادی کے لیے یہاں موجود پرائمری ہیلتھ کیر سنٹر ( جو کہ عوام میں 2 روپئے کا دواخانہ کے نام سے مشہور ہے ) میںا یک جونیر ڈاکٹر اور ان کے تعاون کے لیے 2 نرسیس موجود ہیں ۔ جب کہ مانسون اور برسات کی وجہ سے صحت خراب ہونے کی وجہ سے اس سنٹر پر روزانہ 100 مریض علاج کی غرض سے آرہے ہیں لیکن ڈاکٹروں اور خاص کر تجربے کار ڈاکٹروں کی بہتر تعداد نہ ہونے کی وجہ سے عوام میں مایوسی پائی جاتی ہے ۔ ایک تخمینہ کے اعتبار سے رسول پورہ وارڈ نمبر 2 کی آبادی 1.37 لاکھ ہے اور اس پی ایچ سی ( پرائمری ہیلتھ سنٹر ) پر روزانہ اوسطاً 80 افراد علاج کی غرص سے آتے ہیں لیکن گذشتہ چند دنوں سے موسم کی تبدیلی اور مسلسل بارش کی وجہ سے یہاں آنے والے مریضوں کی تعداد 100 سے زیادہ ہوچکی ہے لیکن یہاں صرف ایک جونیر ڈاکٹر اور ان کے تعاون کے لیے 2 نرسوں اور جگہ کی قلت نے مریضوں کے مسائل اور بڑھا دئیے ہیں جس سے انہیں ذہنی پریشانی کا بھی سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ مریضوں کی کثیر تعداد چند کمروں میں موجود ہیلتھ سنٹر کی ناکافی جگہ کے علاوہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے نئی شروع کردہ اسکیم کنٹی ویلگو ، آنکھوں کی تشخیص کی سہولت بھی اسی دواخانے میں شروع کی گئی ہے جس کی وجہ سے یہ دواخانہ اپنی تنگ دامنی کا شکوہ کررہا ہے ۔ مذکورہ دواخانے سے چند قدموں پر سلم علاقہ شروع ہوتا ہے جہاں لاکھوں کی آبادی اس دواخانہ کا رخ کرتی ہے لیکن یہاں سینئیر ڈاکٹروں کی عدم سہولیات سے انہیں کافی پریشانی ہورہی ہے کیوں کہ اس علاقے میں موجود چند دیگر خانگی ڈاکٹرس من مانی فیس وصول کررہے ہیں ۔ رسول پورہ مسجد کے امام محمد عبدالسلام نے غریب افراد کے ڈاکٹروں کی جانب سے لوٹنے کی شکایت کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کی ایک لیڈی ڈاکٹر نے انہیں گلوکوز چڑھانے کے لیے 600 روپئے اپنی فیس کے علاوہ باہر سے 300 روپئے کے ادویات منگوائی اور اس طرح ایک مرتبہ ڈاکٹر سے رجوع ہونے پر تقریبا 1000 روپئے کا خرچ ایک متوسط طبقہ کا فرد کیسے برداشت کرسکتا ہے ۔ پی ایچ سی کے نزد مقیم صمد نے میڈیا نمائندے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے اپنی والدہ کو خانگی ڈاکٹر سے رجوع کیا انہوں نے پیروں میں تکلیف کی شکایت کی تو ڈاکٹر سے ایک وقت کی ملاقات پر انہیں تقریبا 700 روپئے کے اخراجات ادا کرنے پڑے ۔ تلنگانہ حکومت جہاں بستی دواخانوں اور دیگر اسکیمات کے ساتھ بزرگ شہریوں کے علاج کے لیے جہاں اعلانات اور اقدامات کررہی ہے وہیں حکام اور ارباب مجاز کو فوری رسول پورہ کے پی ایچ سی میں ڈاکٹروں اور عملہ کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے غریب عوام کے لیے راحت فراہم کرنا چاہئے ۔۔