رسول پورہ تا تلگو تلی کے راستے میں بارش کی تباہ کاریاں

جگہ جگہ بڑے درخت اکھڑکر گر پڑے ، کاروں کو نقصان ، سڑکیں جھیل میں تبدیل ، ٹرافک جام
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد میں آج ہوئی غیر موسمی بارش نے قدیم ایرپورٹ کے چوراستہ رسول پورہ میٹرو اسٹیشن سے رانی گنج تا تلگو تلی چوراستہ تک تباہ کاریوں کے نمونے پیش کئے ہیں ۔ جمعرات کی سہ پہر 2-45 تا 3-10 تک ہوئی بارش نے مذکورہ راستے پر جگہ جگہ درختوں کو جڑوں سے اکھاڑ کر زمین اور اپنے سایے تلے ٹہری گاڑیوں پر دے مارا ہے ۔ جس سے درختوں کے نیچے کاریں تباہ حالات میں دیکھی گئی ہیں ۔ کمس ہاسپٹل کے روبرو ٹہری سفید کار پر درخت کے گرنے سے گاڑی کو بری طرح نقصان ہوا ہے ۔ جب کہ سوگنا ہاسپٹل کے روبرو پانی جمع ہونے سے ٹرافک جام رہی ۔ رانی گنج چوراستہ جہاں کربلا میدان کے نام سے جو حصہ مشہور ہے وہاں پانی ندی کی طرح جمع ہوچکا تھا جس سے ٹرافک بری طرح جام ہوگئی تھی اور اس چوراستے پر تعینات ٹرافک پولیس عہدیدار ننگے پاؤں ٹرافک کو کنٹرول کرنے کے علاوہ پانی کی نکاسی میں مصروف دیکھا گیا ۔ رانی گنج چوراستہ سے ٹینک بینڈ اور پھر لووور ٹینک بینڈ پر جگہ جگہ پانی جمع ہونے سے سڑکیں ندیوں میں تبدیل ہوگئی تھی جہاں اندرا پارک کو جانے والی سڑک پر جمع پانی میں کاریں آدھی آدھی ڈوب گئی تھیں ۔ جس کی وجہ سے چند ایک کاریں ’ فیل ‘ بھی ہوئی ۔ اسنو ورلڈ کے نزدیک درختوں کے اکھڑ کر گرنے سے تلگو تلی کی سمت جانے والے راستوں پر عوام کو ’رانگ سائیڈ ‘ راستہ اختیار کرنا پڑا ۔ لوور ٹینک بنڈ پر پانی جمع ہونے کے جو مناظر تھے وہ متعلقہ محکمہ اور ارباب مجاز کے خواب غفلت میں ہونے کا کھلا ثبوت رہے کیوں کہ اب موسم برسات کی آمد میں زیادہ دن باقی نہیں رہے ۔ اس سے قبل آج کی اس بارش سے سبق لینا ضروری ہے کیوں کہ آدھے گھنٹے کی بارش نے حیدرآباد کے کئی راستوں کو جھیلوں میں تبدیل کرتے ہوئے عوام کو مسائل اور ٹرافک جام کی مصیبت میں ڈال دیا ہے ۔۔