رسل کی 3 سال بعد ویسٹ انڈیز ٹیم میں واپسی

کنگسٹن ۔18 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کیخلاف مجوزہ ونڈے سیریز کیلئے 13رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا جس میں تجربہ کار آل راؤنڈر آندرے رسل کی واپسی اہم ہے جو تین سال کے بعد سلیکٹرز کی نظروں میں قابل اعتبار سمجھے گئے جبکہ فاسٹ بالر الزاری جوزف اور بیٹسمین کیرن پاول پر بھی بھروسہ کیا گیا تاہم تجربہ کار کھلاڑیوں مارلن سیمیولز اور کارلوس براتھویٹ کے علاوہ نکیتا ملر،کیسرک ولیمز اور شیلڈن کوٹریل کو بھی نظر انداز کردیا گیا۔ حالیہ عرصے میں بہترین کارکردگی کے حامل فاسٹ بالر کیمر روچ کو آرام کی غرض سے منتخب نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز ٹیم میں واپس آنے والے رسل نے آخری مرتبہ نومبر 2015 میں اپنی ٹیم کیلئے ونڈے میچ سری لنکا کیخلاف کولمبو میں کھیلا تھا جو ورلڈ کپ2015 کے بعد ان کا پہلا مقابلہ بھی تھا لیکن انہیں پیر کی تکلیف کے باعث دیگر دو میچوں سے محروم ہونا پڑا تھا۔ جنوری 2017 میں انہیں اینٹی ڈوپنگ معاملات میں ملوث ہونے کے سبب ایک سال کیلئے معطل کردیا گیا کیونکہ انہوں نے ایک سالہ عرصے کے دوران تین مرتبہ ڈوپنگ سے متعلق دستاویزی کارروائی سے اجتناب کیا تھا۔ ویسٹ انڈین کوچ اسٹوارٹ لا نے رسل کی واپسی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ 22 جولائی کوگیانا میں شروع ہونے والی سیریز کیلئے معلنہ ٹیم میں کپتان جیسن ہولڈر کے علاوہ دیوندرا بشو، کرس گیل، شمرون ہٹ میئر، شائی ہوپ، الزاری جوزف، ایون لوئس، جیسن محمد، ایشلے نورس، کیموپال، کیرن پاول، روومین پاول اور آندرے رسل بھی شامل ہیں۔