رحمن ملک کو طیارہ میں سوار ہونے سے روک دیا گیا

تاخیر سے پہونچنے پر سابق وزیرداخلہ پاکستان کو مسافرین کی برہمی کا سامنا
کراچی 16 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) پی آئی اے کی ایک فلائیٹ پر برہم مسافرین نے سابق وزیرداخلہ رحمن ملک اور برسر اقتدار پی ایم ایل ۔ این کے ہندو قانون ساز کو طیارہ میں سوار ہونے سے روک دیا اور اُنھیں پرواز میں زائداز دو گھنٹوں کی تاخیر کے موجب بننے کا مورد الزام ٹھہرایا۔ کراچی سے اسلام آباد جانے والی پاکستان انٹرنیشنل ایرلائنس فلائیٹ PK-370 میں کل ڈھائی گھنٹے کی تاخیر ہوگئی کیونکہ یہ فلائیٹ پاکستان پیپلز پارٹی کے سنیٹر رحمن ملک اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار واکوانی کی آمد کا انتظار کررہی تھی۔ جب وہ آخرکار پہونچ گئے تو مسافرین نے اُنھیں طیارہ میں سوار ہونے سے روک دیا۔ مقامی میڈیا کی جانب سے ایک ویڈیو کلب بار بار دکھائی گئی جس کے مطابق مسافرین رحمن ملک پر چلاّ رہے تھے جنھیں عجلت میں واپس جاتے ہوئے دکھایا گیا، جب مسافرین اُن سے الجھ پڑے۔ ویڈیو کلپ میں ایک مسافر کو برہمی سے یہ کہتے سنا گیا ،’’ملک صاحب ، معاف کیجئے ۔ آپ کو واپس جانا چاہئے۔ آپ اِن مسافرین سے معذرت چاہیں‘‘۔