بھوبنیشور۔17 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اب جبکہ لارڈ جگن ناتھ کی رتھ یاترا کے دوران عقیدت مندوں کا رتھ پر چڑھ جانا ، متنازعہ بنتا جارہا ہے وہیں کانگریس نے اسپیکر سے استدعا کی ہے کہ اس معاملہ کی یکسوئی کیلئے ایک خصوصی اجلاس کا انعقاد کیا جائے ۔ قائد اپوزیشن نرسنگھا مشرا نے کہا کہ صورتحال ہر گزرنے والے دن کے ساتھ پیچیدگی اختیار کرتی جارہی ہے لہذا ہم اسپیکر سے استدعا کرتے ہیں کہ وہ اس تنازعہ کی یکسوئی کیلئے خصوصی اجلاس طلب کریں۔ اس معاملہ کو اسمبلی میں کانگریس ایم ایل اے کارا پرساد نے اُٹھایا تھا اور اسپیکر سے استدعا کی تھی کہ اس تنازعہ کی یکسوئی کی جائے ۔ اس موقع پر بی جے پی ایم ایل اے ( پٹنہ گڑھ ) وی کے سنگھ دیو نے حکومت سے کہاکہ اس تنازعہ میں وہ گوردھن پیٹھ شنکر آچایہ مسچلانندہ سرسوتی کی رائے کو آخری اور قطعی تصور کرے ۔ انھوں نے کہاکہ شنکر اچاریہ کا مشورہ نہ جان کر حکومت اُن کے وقار کو کم کررہی ہے ۔
یشونت سنہا جھارکھنڈ کے
وزیراعلیٰ کیلئے موزوں :اڈوانی
ہزاری باغ ( جھارکھنڈ) ۔ 17 جون ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے سینئر قائد ایل کے اڈوانی نے پارٹی لیڈر یشونت سنہا کی تائید کرتے ہوئے کہاکہ موصوف جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ بننے کے حقیقی طورپر اہل ہیں۔ اڈوانی نے انھیں مشورہ دیا کہ وہ ضمانت حاصل کرتے ہوئے جیل سے باہر نکلیں اور جھارکھنڈ میں برقی بحران کے خلاف احتجاج کی قیادت کریں۔ یشونت سنہا سے جیل میں دو گھنٹے طویل ملاقات کے بعد اڈوانی نے یہ بات کہی ۔