ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ چیف منسٹر اے پی کی عہدیداروں کو ہدایت
وجئے واڑہ ۔ 15 ۔ جون : ( این ایس ایس ) : چیف منسٹر اے پی چندرا بابو نائیڈو نے آج کہا کہ ان کی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے وعدے کی پابند ہے ۔ جب کہ عوام کو غذا ، پانی ، برقی ، تعلیم کی سہولتیں پہنچائی جائیں گی اور عوامی زندگیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے مناسب عمل آوری کی جائے گی ۔ چیف منسٹر اے پی نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ ایک ٹیلی کانفرنس میں اس بات سے واقف کرواتے ہوئے ربیع فصل کے پیش نظر کسانوں کو تخم ، کھاد اور دیگر زرعی آلات کی مناسب سربراہی کی ہدایات دی ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ 6.32 لاکھ منظورہ زرعی تالابوں کے منجملہ صرف 27 ہزار 604 تالابوں کا کام تکمیل پایا ہے ۔ جب کہ تالابوں کے کام کا آغاز عمل میں آیا ہے ۔ انہوں نے کام کی تکمیل پر بھر پور توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی ۔ چیف منسٹر اے پی نے بتایا کہ ریاست میں خشک سالی سے نمٹنے دریاؤں کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے زیر زمین پانی کی سطح میں اضافہ ، پانی کے تحفظ کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں چالیس ہزار ایکڑ کو ہارٹیکلچر سے آراستہ کیا گیا ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ریاست کو سرسبز و شاداب بنانے کے اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے ۔ اسکولوں ، کالجس ، دفاتر کے احاطہ میں شجرکاری کی جائے گی ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ اگر ہم سب مل کر قدرتی وسائل سے محبت کریں گے تب ماحول بھی ہم کو اس کا جواب دے گا ۔ انہوں نے کہا ریاستی حکومت پانی کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرنے والے طلبہ ، این جی اوز اور عوام الناس کو اعزاز سے نوازے گی ۔۔