مرکزی وزارت زراعت کی جانب سے وسیع انتظامات
نئی دہلی ۔ 19 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : اب جب کہ کسان ، آئندہ ماہ سے گیہوں جیسی ربیع کی فصل بونے کی تیاری میں ہے حکومت نے آج یہ اعادہ کیا ہے کہ کاشتکاری کے لیے مطلوب اشیاء بالخصوص کھاد اور بیج کی سربراہی کے لیے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ کسانوں کو بہ آسانی دستیاب ہوسکے ۔ ربیع فصل کی بوائی آئندہ ماہ سے شروع ہوجائے گی اور اپریل تک فصل پک کر تیار ہوگی ۔ ربیع فصل میں سب سے زیادہ گہیوں کی کاشت کی جاتی ہے ۔ جب کہ مکئی ، باجرا ، دالیں اور تیل کے بیج بھی اگائے جاتے ہیں ۔ حکومت نے سال 2016-17 ربیع موسم میں گیہوں کی پیداوار کا نشانہ 96.50 ملین ٹن اور دالوں کے لیے 13.50 ملین ٹن مقرر کیا ہے ۔ وزارت زراعت کے ایک سینئیر عہدیدار نے بتایا کہ موسم ربیع میں کھاد اور تخم جیسی زرعی اشیاء کی کوئی قلت نہیں ہوگی اور طلب کے مطابق رسد کو یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومتوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ مطلوبہ زرعی سازو سامان کو تیار رکھا جائے اور ربیع فصل بونے کے لیے بروقت سربراہ کیا جائے ۔ وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق ماہ جون اور جولائی میں ربیع فصل کے لیے 166.22 لاکھ ٹن فرٹیلائزر ( کھاد ) کی ضرورت ہوتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بعض دالوں کے سواء دیگر بیجوں کی کوئی قلت نہیں ہوگی جب کہ 136.5 لاکھ کنٹل گیہوں کے بیج اور 1.25 لاکھ ٹن جوار کے بیج دستیاب رہیں گے ۔۔