ربر کمپنی میں آتشزدگی

حیدرآباد۔ 26 ڈسمبر (سیاست نیوز) ربر کمپنی میں آتشزدگی کا سنگین واقعہ پیش آیا جس میں چار افراد نذرآتش ہوگئے۔ تفصیلات کے بموجب راجندر نگر کے علاقہ گگن پہاڑ میں اکشتا ربر کمپنی پرائیویٹ لمیٹیڈ میں آج صبح یہ واقعہ پیش آیا جہاں ایک کمرہ میں اچانک دھواں نکلتا دیکھ کر ملازمین نے اسے بجھانے کی کوشش کی لیکن تب تک کمرہ میں موجود چار افراد زندہ جل گئے۔

فائرانجن کو فوری طلب کیا گیا لیکن اس وقت تک آگ کافی نقصان پہونچا چکی تھی۔ اس کمپنی میں ری سائیکلنگ کے ذریعہ گاڑیوں کے ٹیوبس تیار کئے جاتے تھے۔کمرہ کے اوپری حصہ پر دو پائپ لائن موجود ہیں جن میں آئیل بائیلرس کے ذریعہ گذرتا ہے اور گرم آئیل کی وجہ سے پائپ میں سوراخ پڑگئے تھے۔ سمجھا جاتا ہے کہ یہ آئیل برقی تار پر گرا اور پھر آگ لگ گئی جس کے بعد یہ پائپ پھٹ پڑا ،اس کی وجہ سے سارا آئیل کمرہ کے اوپر گرگیا اور کمرہ میں محو خواب چار افراد اس کی زد میں آگئے۔آج پیش آئے اس واقعہ پر ملازمین اوراطراف و اکناف کے عوام نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے گاڑیوں کو نقصان پہونچایا۔

کمپنی کے مالک کیلاش اگروال مقام حادثہ پہونچے لیکن عوامی برہمی کی وجہ سے پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے مہلوکین کو فی کس 10 لاکھ روپئے دینے کا اعلان کیا ہے۔ چار نعشوں کا مقام حادثہ پر ہی پوسٹ مارٹم کیا گیا۔