رباط کی سنگ بنیاد تقریب کے خلاف شیوسینا کی دھمکیاں

تلنگانہ حکومت میں سنسنی ‘ راجستھان پولیس سے رابطہ ‘ خصوصی ٹرین کا آج فیصلہ
حیدرآباد۔21 جون (سیاست نیوز) اجمیر میں 27 جون کو رباط کی تقریب سنگ بنیاد کے خلاف راجستھان شیوسینا کی دھمکی نے تلنگانہ حکومت کو الجھن میں مبتلا کردیا ہے۔ راجستھان کے اخبارات میں شیوسینا نے دھمکی دی کہ اگر 27 جون کو تقریب منعقد ہوتی ہے تو وہ احتجاج منظم کرے گی۔ شیوسینا نے بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ حکومت اور بالخصوص رباط کی تعمیر کے لیے اراضی الاٹ کرنے کی مخالفت کی ہے۔ راجستھان کے اخبارات میں شیوسینا کی دھمکیوں کے ساتھ ہی تلنگانہ کے محکمہ اقلیتی بہبود میں سنسنی دوڑ گئی۔ ایسے وقت جبکہ 27 جون تقریب کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے اچانک دھمکی سے پروگرام پر غیر یقینی کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔ چیف منسٹر کے دفتر اور محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں نے ہنگامی اجلاس طلب کرتے ہوئے انٹلیجنس عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کیں۔ راجستھان پولیس سے ربط قائم کرکے ان کی رائے حاصل کی جارہی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے اس مسئلہ پر عہدیداروں کے ساتھ ہنگامی مشاورت کی۔ حکومت کو اندیشہ ہے کہ اگر خصوصی ٹرین کے ذریعہ 1600 قائدین کو راجستھان منتقل کرنے کی کوشش کی گئی تو شیوسینا راستے میں کسی مقام پر احتجاج کے ذریعہ ٹرین کو روک سکتی ہے۔ ایسی صورتحال میں تلنگانہ حکومت کی مشکلات میں اضافہ ہوجائیگا۔ شیوسینا راجستھان ہی نہیں بلکہ ٹرین کے راستے میں آنے والے کسی بھی مقام پر احتجاج کے ذریعہ رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کرسکتی ہے۔ ان تمام امکانات کا تلنگانہ حکومت جائزہ لے رہی ہے۔ 1600 ٹی آر ایس قائدین اور کارکنوں کی اجمیر میں دو دن قیام اور ایک مقام سے دوسرے مقام منتقلی کے دوران بھی شیوسینا کو احتجاج کا موقع مل جائیگا۔ 30 خصوصی بسوں کا انتظام کیا جارہا ہے، ایسے میں تمام بسوں کی حفاظت کیلئے درکار سکیوریٹی کو تعینات کرنا آسان نہیں۔ بتایا جاتا ہیکہ چیف منسٹر کے دفتر میں اس مسئلہ پر راجستھان چیف منسٹر وسندرا راجے کے دفتر کے عہدیداروں سے ربط قائم کیا ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں نے تجویز پیش کی کہ اگر راجستھان حکومت سکیوریٹی فراہم کرنے کی ضمانت دیتی ہے تو خصوصی ٹرین کے پروگرام کو برقرار رکھا جائے۔ ورنہ چیف منسٹر خصوصی طیارے سے اجمیر پہنچیں اور درگاہ پر حاضری کے بعد رسمی طور پر سنگ بنیاد انجام دیں۔ شیوسینا کی دھمکیوں نے خصوصی ٹرین کے سفر کو غیر یقینی بنادیا ہے۔ اس کے علاوہ اس بات کی بھی کوئی ضمانت نہیں کہ شیوسینا سنگ بنیاد کے بعد بھی تعمیری کام جاری رکھنے کی اجازت دیگی۔ دراصل شیوسینا کو حکومت تلنگانہ سے زیادہ مسلمانوں کیلئے اراضی الاٹ کرنے پر اعتراض ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق جمعہ کی شام تک اس مسئلہ میں چیف منسٹر قطعی فیصلہ کریں گے، اس وقت تک دونوں ریاستوں کی انٹلیجنس اور پولیس کے عہدیدار آپس میں اطلاعات کا تبادلہ عمل میں لائیں گے۔ خصوصی ٹرین کی روانگی اگرچہ اتوار کو ہوگی لیکن اس کا فیصلہ جمعہ کی شام تک کیا جائے گا۔ ( متعلقہ خبر صفحہ 9 پر )