رباط کیلئے 250 عازمین کے الاٹمنٹ لیٹرس جاری

ماباقی عازمین کے الاٹمنٹ لیٹرس کی 10 اگست سے قبل اجرائی
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اگست (سیاست نیوز) سنٹرل حج کمیٹی نے مکہ مکرمہ کی حیدرآبادی رباط میں قیام کے سلسلہ میں 250 عازمین حج کے الاٹمنٹ لیٹرس جاری کردیئے ہیں۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی چیف اگزیکیٹیو آفیسر خالد عرب نے تلنگانہ حج کمیٹی کو اطلاع دی ہے۔ مکتوب میں بتایا گیا کہ 19 جولائی کو کی گئی قرعہ اندازی کے مطابق 250 منتخب عازمین کے الاٹمنٹ لیٹرس سکریٹری اوقاف کمیٹی نظام کو روانہ کئے گئے ہیں۔ کونسل جنرل جدہ کی جانب سے روانہ کردہ تصریح کی بنیاد پر یہ لیٹرس جاری کئے گئے۔ پہلی فہرست کے منتخب عازمین حج اوقاف کمیٹی نظام کے دفتر سے لیٹر حاصل کرسکتے ہیں۔ 10 اگست سے قبل تمام منتخب عازمین کو لیٹرس جاری کردیئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ پہلی عمارت میں 250 افراد کی گنجائش ہے جس کے لئے الاٹمنٹ لیٹرس جاری کردیئے گئے جبکہ دوسری عمارت جس میں 428 کی گنجائش ہے، ان کے الاٹمنٹ لیٹرس تصریح حاصل ہونے کے بعد جاری کئے جائیں گے۔ اسی دوران حج ہاؤز کے احاطہ میں حج کیمپ کی تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے اور سپلائینگ کمپنی نے شیڈ کی تعمیر شروع کردی۔ حج کمیٹی کی جانب سے 4 اگست کو کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔