رباط میں قیام کیلئے مزید 109 عازمین کا انتخاب فی عازم 45 ہزار کی بچت

حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل (سیاست نیوز) مکہ مکرمہ کی نظام رباط میں قیام کے سلسلہ میں ویٹنگ لسٹ سے مزید 109 عازمین حج کا انتخاب کیا گیا ہے۔ رباط میں قیام کیلئے نظام خاندان کے افراد کو 10 فیصد کوٹہ مقرر کیا گیا جس کے تحت 129 نشستیں الاٹ کی گئیں۔ نظام اوقاف کمیٹی حیدرآباد نے نظام فیملی اور ان سے وابستہ افراد کی فہرست روانہ کی جس میں 20 عازمین حج کے نام شامل ہیں۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے یہ فہرست ناظر رباط حسین محمد الشریف کو روانہ کردی ہے۔ ناظر رباط نے کہا کہ باقی 109 نشستوں پر عازمین کا انتخاب ویٹنگ لسٹ کے حساب سے کیا جائے گا ۔ ویٹنگ لسٹ میں 1 تا 109 کور نمبرس کو رباط میں قیام کیلئے منتخب کیا جائے گا جس کی اطلاع کور نمبرس کے عازمین کو دی جائے گی۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خاں اور اگزیکیٹیو آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ رباط میں قیام کیلئے منتخب عازمین کو دوسری قسط کے طور پر 87550 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ انہیں 45050 روپئے کی بچت ہورہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عزیزیہ زمرہ کے عازمین کیلئے جملہ اخراجات 2 لاکھ 13 ہزار 600 روپئے ہیں۔ عازمین نے پہلی قسط کے طور پر 81,000 روپئے ادا کردئے۔ رباط میں قیام کیلئے منتخب عازمین کو 45,050 روپئے منہا کرتے ہوئے دوسری قسط کی رقم ادا کرنی ہوگی۔ مکہ مکرمہ میں رہائش کیلئے اخراجات فی عازم 2549 ریال مقرر کئے گئے ہیں۔ ریال کی قیمت 17 روپئے 60 پیسے طئے کی گئی ۔