رباط میں قیام کیلئے اوقاف کمیٹی سے پرمٹ لیٹر کا سسٹم ختم

عازمین کو زحمت سے بچانے سنٹرل حج کمیٹی کا فیصلہ
حیدرآباد۔/27 اپریل، ( سیاست نیوز) سنٹرل حج کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ مکہ مکرمہ میں نظام رباط میں قیام کیلئے قرعہ اندازی میں منتخب عازمین حج کو نظام اوقاف کمیٹی سے پرمٹ لیٹر حاصل کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی نے پرمٹ لیٹر کے طریقہ کار کو جاریہ سال سے ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈاکٹر مقصود احمد خاں چیف ایکزیکیٹو آفیسر سنٹرل حج کمیٹی نے اس سلسلہ میں ایک سرکیولر جاری کیا ہے۔ یہ سرکیولر تلنگانہ حج کمیٹی کے بشمول تمام ریاستی حج کمیٹیوں کو روانہ کیا گیا۔ سرکیولر میں کہا گیا کہ نظام رباط میں قیام کے سلسلہ میں ہر سال دستیاب نشستوں سے زیادہ درخواستیں موصول ہوتی ہیں اور قرعہ اندازی کے ذریعہ عازمین کا انتخاب کرتے ہوئے سنٹرل حج کمیٹی منتخب عازمین کو الاٹمنٹ سرٹیفکیٹ جاری کرتی رہی ہے۔ کئی عازمین حج کی جانب سے نمائندگیاں موصول ہوئی ہیں کہ اکامڈیشن لیٹر حاصل کرنے کیلئے انہیں حیدرآباد کا سفر کرنا پڑ رہا ہے جس سے انہیں دشواریوں کا سامنا ہے۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف نے سنٹرل حج کمیٹی کو اطلاع دی کہ نظام رباط میں قیام کیلئے منتخب عازمین سے علحدہ سرٹیفکیٹ کی کوئی ضرورت نہیں۔ قیام سے متعلق سسٹم IHPMS سے مربوط ہے اور وہ بآسانی منتخب عازمین کی نشاندہی کرسکتے ہیں لہذا سنٹرل حج کمیٹی نے عازمین کو علحدہ سرٹیفکیٹ کی اجرائی کے طریقہ کار کو جاریہ سال سے منقطع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مقصود احمد خاں نے کہا کہ منتخب عازمین کو ایمبارگیشن پوائنٹ پر اکامڈیشن اسٹیکر جاری کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ناظر رباط نے گزشتہ دنوں نظام اوقاف کمیٹی کی جانب سے درخواستوں کی طلبی کی مخالفت کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ سابق ریاست حیدرآباد کے اضلاع سے منتخب عازمین کو حیدرآباد پہنچ کر درخواست داخل کرنے اور پھر سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے پہنچنے میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ اوقاف کمیٹی سے علحدہ پرمٹ لیٹر کی کوئی ضرورت نہیں۔ جن عازمین کا قرعہ اندازی میں انتخاب عمل میں آیا ان کے کوور نمبرس کافی ہیں جس کی منظوری سنٹرل حج کمیٹی اور ہندوستانی قونصلیٹ جدہ سے حاصل کرلی گئی ہے۔ ناظر رباط نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ سنٹرل حج کمیٹی کے فیصلہ کے مطابق اب عازمین حج کو اوقاف کمیٹی سے رجوع ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔ اس طرح عازمین حج درخواست دینے کیلئے حیدرآباد کے سفر کی صعوبت اور مالی بوجھ سے بچ جائیں گے۔