ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی کی حج مشن اور رباط کے ذمہ داروں سے مشاورت
حیدرآباد۔/28ستمبر، ( سیاست نیوز) مکہ مکرمہ میں واقع حیدرآبادی رباط میں عازمین حج کے قیام کے مسئلہ کی یکسوئی کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی کے ساتھ حج مشن اور رباط کے ذمہ داروں کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ 7اکٹوبر کو انڈین حج مشن کی جانب سے یہ اجلاس منعقد ہوگا جس میں رباط کے فریقین کو بھی بات چیت کیلئے مدعو کیا جارہا ہے۔ جناب محمود علی جو فریضہ حج کی ادائیگی کے سلسلہ میں سعودی عرب کے دورہ پر ہیں‘ مدینہ منورہ سے ’سیاست‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ جاریہ سال اس مسئلہ کی یکسوئی کرلی جائے گی اور آئندہ سال حج میں تلنگانہ کے عازمین حج نظام کے رباط میں قیام کرپائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ناظر رباط اور نظامس اوقاف کمیٹی دونوں کا مقصد رباط میں تلنگانہ کے عازمین حج کے قیام کو یقینی بنانا ہے لہذا انہیں امید ہے کہ اس تنازعہ کی خوشگوار یکسوئی کرلی جائے گی۔ جناب محمود علی نے سعودی حکام سے مشاورت کرتے ہوئے منہدم کی گئی رباط کی عمارتوں کے معاوضہ کے بدلے کوئی موزوں عمارت خرید کر اسے رباط میں تبدیل کرنے کی نمائندگی کی۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ عمارت کو سعودی حکومت اپنی تحویل میں رکھے تاہم اسے عازمین حج کے قیام کیلئے استعمال کی اجازت دی جائے۔ جناب محمود علی آج صبح مدینہ منورہ پہنچے جہاں وہ چار دن قیام کریں گے اور چہارشنبہ کو مکہ مکرمہ واپس ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں مقیم تلنگانہ بالخصوص حیدرآباد کے این آر آئیز نے حکومت تلنگانہ کے اقدامات میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی بھلائی کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت نے جو قدم اٹھائے اسے این آر آئیز قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اقلیتی بہبود کیلئے 1000 کروڑ کی منظوری اور غریب لڑکیوں کی شادی کیلئے ’شادی مبارک‘ اسکیم کے آغاز کا این آر آئیز نے خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ این آر آئیز کیلئے تلنگانہ حکومت کیرالا کی طرز پر مختلف سہولتیں فراہم کرے گی۔ سرکاری عہدیداروں کی ٹیم کو کیرالا روانہ کرتے ہوئے حکومت کیرالا کی اسکیمات کی تفصیلات حاصل کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں این آر آئیز کی اراضیات اور جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت اقدامات کرے گی۔ این آر آئیز نے انہیں اراضیات پر ناجائز قبضوں اور دیگر معاملات سے واقف کرایا جن سے وہ جائیدادوں کے تحفظ کے بارے میں فکر مند ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت خلیج میں کم تنخواہ پر برسرروزگار افراد کیلئے ہاوزنگ اسکیم کے آغاز پر غور کرے گی جس کے تحت این آر آئیز کو مکانات فراہم کرتے ہوئے ان سے اقساط میں رقم وصول کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت این آر آئیز کے مسائل کے حل کیلئے اور ان کی واپسی پر سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے میں سنجیدہ ہے۔ محمود علی نے ہندوستانی عازمین حج کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اور عزیزیہ کے قریب واقع حج ہاوز کا دورہ کیا۔ انہوں نے سنٹرل حج کمیٹی اور مقامی عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے بعض عمارتوں کا دورہ کرتے ہوئے عازمین حج سے ملاقات کی۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے عازمین سے ملاقات کے دوران انہوں نے سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا۔ پہلی مرتبہ مکہ مکرمہ میں بھی عازمین حج کیلئے طعام کے انتظامات کئے گئے ہیں جس سے عازمین کافی خوش ہیں۔ محمود علی نے کہا کہ حج کمیٹی کی جانب سے حیدرآباد میں کئے گئے انتظامات کے بارے میں بھی عازمین نے اطمینان کا اظہار کیا ہے جس کیلئے وہ حج کمیٹی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کے ایک نامور اسلامی ادارہ سے مشاورت کے بعد وہ حیدرآباد میں اسلامک سنٹر کے قیام کی مساعی کریں گے۔