راہول گاندھی 2019 میں وزیر اعظم بن جائیں گے

صدارت کیلئے پرچہ نامزدگی کے تین سیٹس داخل ۔ اتم کمار ریڈی و محمد علی شبیر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 4ڈسمبر ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اُتم کمار ریڈی نے پارٹی صدارت کیلئے راہول گاندھی کے پرچہ نامزدگی کو کیڈرکیلئے تاریخی دن قرار دیا اور کہا کہ 2019 میں راہول گاندھی وزیراعظم بنیں گے اور ان کی قیادت میں کانگریس ‘تلنگانہ میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی ۔ پردیش کانگریس نے راہول گاندھی کی تائید میں پرچہ جات کے تین سیٹس داخل کئے ۔ دستخط کنندگان میں قائد اپوزیشن کونسل محمد علی شبیر سابق صدور پردیش کانگریس ‘ وی ہنمنت راؤ ‘ پنالہ لکشمیا ‘ رکن راجیہ سبھا ایم اے خان ‘ سابق مرکزی و ریاستی وزراء ‘ ارکان اسمبلی ‘ ارکان پارلیمنٹ کے بشمول 30قائدین شامل ہیں ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ سارے کانگریسیوں اور ملک کے عوام کیلئے خوشی کی بات ہیکہ راہول گاندھی نے پارٹی صدارت کیلئے آج پرچہ نامزدگی داخل کیا اور دو تین دن میں وہ صدر بن جائیں گے ۔ آئندہ تمام انتخابات راہول کی قیادت میں لڑے جائینگے ۔ ملک کی سب سے قدیم پارٹی کا راہول گاندھی کو صدر بننے کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے ۔ بحیثیت نائب صدر راہول نے پارٹی کو مستحکم بنانے جو کام کیا ہے وہ ناقابل فراموش ہے ۔ انہیں یقین ہے کہ نوجوان قائد پارٹی کیلئے کرشماتی ثابت ہونگے اور ان کی قیادت میں پارٹی 2019 انتخابات کا سامنا کرے گی اور راہول ملک کے وزیراعظم کے عہدہ پر فائز ہوجائیں گے ۔ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی راہول گاندھی کی قیادت میں مقابلہ کرے گی اور بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ راہول گاندھی کے صدر بن جانے کے بعد کانگریس کا سارے ملک میں احیاء ہوگا ۔ راہول گاندھی گجرات میں پارٹی کیلئے جو انتخابی مہم چلارہے ہیں اس سے وزیراعظم مودی اور بی جے پی صدر امیت شاہ خوفزدہ ہیں ۔ رائے دہی سے قبل بی جے پی گجرات میں شکست قبول کرچکی ہے ۔ ترقی کے نام پر عوام سے رجوع ہونے کے بجائے فرقہ پرستی کو ہوا دینے کی کوشش کررہی ہے ۔ راہول گاندھی تنہا ہندو توا طاقتوں کو دھول چٹا رہے ہیں ۔ عوام میں کانگریس کی ہمدردی کو ختم کرنے رائے دہندوں کو دھمکایا جارہا ہے ۔ باوجود اس کے مودی ۔ شاہ اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونگے ۔ گجرات سے بی جے پی کا زوال شروع ہوگا اور کانگریس کامیابی حاصل کرے گی ۔