کلیدی پیانلس اور تین اہم کمیٹیوں کی تشکیل ، 9 رکنی کور گروپ بھی قائم
نئی دہلی ۔/25 اگست (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے 2019 ء لوک سبھا انتخابات کیلئے کمرکس لی ہے ۔ انہوں نے آج انتخابات میں رابطہ کاری ، منشور کی تیاری اور تشہیری امور کا جائزہ لینے کے بعد تین اہم کمیٹیاں تشکیل دی ہیں ۔ پرانے قائدین کو ساتھ لیتے ہوئے حکمت عملی تیار کی گئی ہے ۔ راہول گاندھی نے 9 رکنی کور گروپ کمیٹی کو تشکیل دیا ہے جس میں اے کے انتھونی ، غلام نبی آزاد ، پی چدمبرم ، اشوک گہلوٹ ، ملک ارجن کھرگے ، احمد پٹیل ، جئے رام رمیش ، رندیپ سرجے والا اور کے سی وینو گوپال شامل ہیں ۔ کور کمیٹی میں شامل تمام افراد سونیا گاندھی کی قیادت میں کام کریں گے جن کی ذمہ داری تشہیری مہم چلانا اور مینوفیسٹو کمیٹیوں کی نگر انی کرنا ہے ۔ اس میں پرانے ارکان کو بھی ساتھ لیکر نئے ارکان کے ساتھ کام کرنا ہے ۔ 19 رکنی مینو فیسٹو کمیٹی میں کانگریس کے بزرگ قائدین جیسے سابق وزیر فینانس پی چدمبرم ، سابق چیف منسٹر ہریانہ بھوپیندر سنگھ ہوڈا ، سابق مرکزی وزراء جئے رام رمیش ، سلمان خورشید ، ششی تھرور اور کماری شلیجا کے علاوہ سابق چیف منسٹر میگھالیہ مکھل سنگما بھی شامل ہوں گے ۔ کانگریس کے چیف ترجمان رندیپ سرجے والا پنجاب کے وزیر فینانس منتری بادل پارٹی کی خواتین ونگ کی سربراہ سشمیتا دیو ، پارٹی راجیہ سبھا رکن راجیو گوڑا اور پی ساہو بھی پارٹی کے پسماندہ طبقات ڈپارٹمنٹ کے سربراہ ہوں گے ۔ راہول گاندھی نے 13 قائدین پر مشتمل ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جو انتخابات کے دوران پارٹی کیلئے تشہیری مہم چلائے گی ۔ اس کی نگرانی اے آئی سی سی جنرل سکریٹری اشوک گہلوٹ کریں گے ۔ راہول گاندھی کی جانب سے کئے گئے اس فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کو مضبوط بنانے اور کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے ہرممکنہ کوشش کررہے ہیں ۔
بیروزگار لوگ ٹرمپ، مودی کے حامی: راہول
لندن ، 25 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) راہول گاندھی نے آج کہا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور وزیراعظم نریندر مودی جیسے مقبول قائدین کی تائید اس لئے کرتے ہیں کیونکہ وہ نوکریاں نہ ہونے کی وجہ سے برہم ہیں۔ وہ یہاں انڈین جرنلسٹس اسوسی ایشن کے ساتھ دو بدو تھے۔ انھوں نے کہا کہ مسئلہ کو حل کرنے کی بجائے ایسے قائدین غصہ کا فائدہ اٹھاتے ہیں اور ملک کا نقصان کرتے ہیں۔ راہول نے کہا کہ حکومت بیروزگاری کو تسلیم کرنے سے انکار کررہی ہے۔