راہول گاندھی کے طیارہ میں تکنیکی خرابی انتہائی سنگین اور خوفناک واقعہ

جامع تحقیقات میں سازش کا پہلو بھی شامل کرنے کانگریس کا مطالبہ : سرجے والا
نئی دہلی 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے اپنے صدر راہول گاندھی کو گزشتہ روز قومی دارالحکومت سے کرناٹک لیجانے والے طیارہ میں پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی کے واقعہ کی جامع تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس کے کمیونکیشن انچارج رندیپ سرجے والا نے اس واقعہ کو جو تکنیکی اصطلاح میں خودکار پائیلٹ طریقہ کار کی ناکامی کہا جاتا ہے، ایک انتہائی سنگین اور خوفناک قرار دیا اور اس بات کا پتہ چلانے کے لئے ٹھوس تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیاکہ آیا اس میں کوئی سازش تو نہیں تھی؟ انھوں نے کہاکہ کرناٹک کے ڈائرکٹر جنرل پولیس (ڈی جی پی) سے اس واقعہ کی شکایت کی جاچکی ہے جس میں بشمول سازش اس سنگین و خوفناک واقعہ کے مختلف پہلوؤں کی تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا گیا۔ سرجے والا نے کہاکہ اسپیشل پروٹیکشن گروپ (ایس پی جی) جیسے سخت ترین زمرہ کے تحت تحفظ یافتہ کسی قائد کو لیجانے والے طیارہ میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی ہے۔ اس قسم کے واقعہ کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ ڈائرکٹر جنرل شہری ہوا بازی کو بھی ایک شکایت پیش کی گئی ہے۔ سرجے والا نے کہاکہ طیارہ میں خوفناک خرابی کے باوجود کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے نہ صرف پورے صبر و سکون کو برقرار رکھا بلکہ ساتھی مسافرین کو ہمت و اطمینان دلانے کی کوشش بھی کی تھی۔ ڈائرکٹر جنرل شہری ہوا بازی کے ایک سینئر عہدیدار نے کہاکہ ’’آپریٹر نے ہمیں اس واقعہ کی اطلاع دی۔ رپورٹ کے مطابق یہ آٹو پائیلٹ موڈ میں خرابی تھی جس پر پائیلٹ نے اس کو میانول (انسان کی طرف سے استعمال) کے موڈ پر منتقل کردیا اور اس طیارے نے بحفاظت لینڈنگ کی۔ اس عہدیدار نے کہاکہ ’’خودکار پائیلٹ موڈ کا اچانک بند ہوجانا کوئی غیرمعمولی بات نہیں ہے۔ بالخصوص انتہائی اہم شخصیت کی پرواز کے لئے ڈائرکٹریٹ جنرل شہری ہوا بازی کی طرف سے مکمل جانچ کی جاتی ہے۔ اس مرتبہ بھی ہم یہ (جانچ) کئے تھے‘‘۔ تاہم کانگریس نے گزشتہ روز شمالی کرناٹک کے علاقہ ہبالی ایرپورٹ پر اس طیارہ کی لینڈنگ سے قبل خامیوں سے بھری مشتبہ پرواز کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈائرکٹریٹ جنرل شہری ہوا بازی نے کہاکہ اس شکایت پر غور کیا جائے گا۔ پولیس نے کہا ہے کہ اس ضمن میں شکایت درج کی جاچکی ہے۔