راہول گاندھی کے دورے میں غبارے سے دھماکے پر رپورٹ طلب

جبل پور8اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام )کانگریس کے صدر راہول گاندھی کے دوروز پہلے مدھیہ پردیش کے جبل پورمیں روڈ شو کے دوران دھماکے کے ساتھ غبارے پھوٹنے کے واقعہ کے سلسلے میں پولیس ہیڈکوارٹر نے ڈیویژن کے پولیس انسپیکٹر جنرل (آئی جی)سے رپورٹ طلب کی ہے ۔پولیس سپرنٹنڈنٹ امت سنگھ نے بتایا کہ پولیس ہیڈکوارٹر نے آئی جی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کی ہے ۔واقعہ کے ضمن میں انہوں نے بتایا کہ مقامی ماڈل روڈ پر ایک لیڈر نے مسٹر گاندھی کے لئے اسٹیج لگوایا تھا۔استقبالیہ اسٹیج میں تین رنگوں کے غباروں کی لڑی لگائی گئی تھی ۔اندر ہیلیم گیس بھری ہونے کی وجہ سے غبارے اوپر کی طرف اڑ رہے تھے ،اسی دوران مسٹر گاندھی اسٹیج کے سامنے سے گزر رہے تھے تو کانگریس کارکنان دور سے ان کی آرتی اتارنے لگے ۔اڑتے ہوئے غبارے آرتی تک پہنچ گئے اورتیز آواز کے ساتھ پھٹ گئے ۔گیس کی وجہ سے آگ کی لپٹیں بھی نکلنے لگیں۔پورا واقعہ محض دو سیکنڈ میں ہوگیا۔ سنگھ نے دعویٰ کیا کہ یہ واقعہ سکیورٹی گھیرے کے باہر ہوا تھا اور میڈیا میں سکیورٹی میں چوک سے متعلق آئی خبریں غلط ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس ہیڈکوارٹر کو اطلاع بھیج دی گئی ہے ۔اس واقعہ کے بعد سکیورٹی میں تعینات دستے کا دائرہ 12فیٹ سے بڑھاکر 18فیٹ کردیا گیا تھا۔