راہول گاندھی کے دورہ کے پیش نظر انتظامات کا جائزہ

صدر کل ہند کانگریس کے نمائندوں کا صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی کے ساتھ مختلف مقامات کا دورہ
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : صدر کانگریس راہول گاندھی کے نمائندوں نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کے ساتھ حیدرآباد اور ضلع رنگاریڈی میں منعقد ہونے والے پروگرامس کا مشاہدہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔ راہول گاندھی 13 اور 14 اگست کو دو روزہ دورے پر تلنگانہ پہونچ رہے ہیں ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے دو روزہ پروگرام کا شیڈول تیار کرتے ہوئے اے آئی سی سی کو روانہ کردیا ہے ۔ پروگرام کو قطعیت دینے کے لیے راہول گاندھی کے نمائندے آج حیدرآباد پہونچے جنہوں نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی سی ڈبلیو سی کے رکن و انچارج تلنگانہ کانگریس امور آر سی کنٹیا اے آئی سی سی سکریٹریز تلنگانہ کانگریس امور سلیم احمد ، سرینوا ساکرشن صدر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو ، جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ایچ وینو گوپال خازن جی نارائن ریڈی صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس انیل کمار یادو کے علاوہ دوسرے قائدین کے ساتھ حیدرآباد اور رنگاریڈی کے ان مقامات کا دورہ کیا جہاں راہول گاندھی کے پروگرام کا شیڈول تیار کیا گیا ہے ۔ پہلے شمس آباد سے راجندر نگر کلاسیک گارڈن کا دورہ کیا گیا جہاں 10 ہزار سیلف ہیلپ گروپ کی خواتین کا اجلاس منعقد کیا جارہا ہے ۔ وہاں سے شیر لنگم پلی پہونچکر جلسہ عام کے مقام کا معائنہ کیا ۔ بعد ازاں پداما مندر کے علاقے کا دورہ کیا گیا ۔ اس کے علاوہ راہول گاندھی کا کن مقامات کو دورہ کرایا جائے ۔ کہاں جلسہ عام اور کہاں کارنر میٹنگس کا انعقاد کیا جائے اور کس کے ساتھ دوبدو ملاقات کرائی جائے ۔ اس پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔۔