راہول گاندھی کے دورہ تلنگانہ کے موقع پر عثمانیہ یونیورسٹی طلبہ سے ملاقات

عثمانیہ طلبہ تنظیموں سے بات چیت ، اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : آل انڈیا کانگریس کی صدارت سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ تلنگانہ کا دورہ کرنے والے راہول گاندھی 14 اگست کو عثمانیہ یونیورسٹی پہونچکر طلبہ سے ملاقات کریں گے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے آج اپنی قیام گاہ پر عثمانیہ یونیورسٹی طلبہ تنظیموں کے قائدین کا اجلاس طلب کیا اور راہول گاندھی کے پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے طلبہ قائدین سے تجاویز طلب کئے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں اہم رول ادا کرنے والے عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبہ کو ٹی آر ایس حکومت میں یکسر نظر انداز کردیا گیا ہے ۔ یہاں تک کہ انہیں اپنے مسائل پر یونیورسٹی کے احاطے میں بھی احتجاج کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔ جس پر طلبہ حکومت پر اپنی برہمی کا اظہار کررہے ہیں ۔ 13 اور 14 اگست کو دو روزہ دورے پر تلنگانہ پہونچنے والے راہول گاندھی عثمانیہ یونیورسٹی میں طلبہ سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں جس کی تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے تیاریاں کی جارہی ہیں بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کی تحریک میں کلیدی رول ادا کرنے والے طلبہ ، نوجوانوں اور بیروزگار نوجوانوں کو ٹی آر ایس حکومت نے یکسر نظر انداز کردیا ۔ ایک لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا مگر ابھی تک 20 فیصد ملازمتیں بھی فراہم نہیں کئے گئے صرف نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے نوجوانوں کو گمراہ کیا جارہا ہے ۔ کے سی آر نے تحریک کے دوران گھر کو ایک ملازمت دینے کا وعدہ کیا مگر گاؤں کو ایک ملازمت فراہم کرنے میں بھی پوری طرح ناکام ہوگئے ۔ راہول گاندھی حکومت سے مایوس اور ناراض طلبہ اور نوجوانوں سے ملاقات کریں گے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ کانگریس حکومت نوجوانوں کو سرکاری و خانگی شعبوں میں بڑے پیمانے پر ملازمت فراہم کرے گی اور ساتھ ہی ملازمت کی فراہمی تک بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ 3 ہزار روپئے بیروزگاری بھتہ ادا کرے گی ۔۔