راہول گاندھی کے دورہ تلنگانہ کے دوران عثمانیہ یونیورسٹی میں خطاب

طلباء کی جانب سے تہنیت پیش کی جائے گی‘ کسانوں سے راست بات چیت
حیدرآباد 3 مئی (سیاست نیوز) ملک گیر سطح پر کانگریس پارٹی کو پھر ایک بار فعال و سرگرم بنانے کیلئے کوشاں نائب صدر کل ہند کانگریس کمیٹی مسٹر راہول گاندھی کے دورہ تلنگانہ کے ایک حصہ کے طور پر شہر حیدرآباد میں واقع تاریخی عثمانیہ یونیورسٹی کا بھی وہ دورہ کریں گے اور اس دورہ کے موقع پر طلباء اور اساتذہ (پروفیسر ) وغیرہ کے ساتھ مسٹر راہول گاندھی راست (دوبدو) پروگرام منعقد کریں گے ۔ کانگریس پارٹی کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ جاریہ ماہ مئی کے دوسرے ہفتہ میں مسٹر راہول گاندھی ریاست تلنگانہ میں منظم کی جانے والی کسانوں کو بھروسہ دلانے والی یاترا (ریتو بھروسہ یاترا) میںحصہ لینے والے مسٹر راہول گاندھی طلباء یونینوں کی جانب سے مدعو کئے جانے پر وہ عثمانیہ یونیورسٹی کا دورہ کر کے ایک شب عثمانیہ یونیورسٹی احاطہ میں گذارنے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں ۔ اس موقع پر بتایا جاتا ہیکہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں بھر پور تعاون کرنے والی کانگریس پارٹی سے اظہار تشکر کرنے کے علاوہ طلباء عثمانیہ یونیورسٹی کی جانب سے مسٹر راہول گاندھی کو زبردست تہنیت پیش کریں گے ۔ اسی ذرائع نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آئی ۔11 ماہ کے عرصہ کے دوران اب تک ریاست تلنگانہ میں زائد از 700 کسان خودکشی کرلینے کی روشنی میں حکومت کے طرز عمل کا تدارک کرنے اور کسانوں کو ہمت سے رہنے کی تلقین کرنے کیلئے ہی مسٹر راہول گاندھی کسان بھروسہ یاترا منظم کررہے ہیں اور چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راو کے وطن ضلع میدک میں مسٹر راہول گاندھی کسانوں سے راست بات چیت کریں گے ۔