راہول گاندھی کے دورہ تلنگانہ میں عثمانیہ یونیورسٹی کو بھی شامل کرنے کی خواہش

طلبہ کی نمائندگی پر قائدین کا غور و خوض ، کانگریس قائدین سے مشاورت
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی جاریہ ماہ کے تیسرے ہفتے میں تلنگانہ کا دورہ کرنے والے ہیں ۔ عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبہ نے راہول گاندھی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے عثمانیہ یونیورسٹی کا دورہ کرنے اور طلبہ سے ملاقات کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔ تلنگانہ کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے قائدین راہول گاندھی کے دورہ تلنگانہ کے شیڈول میں عثمانیہ یونیورسٹی کے دورہ کو شامل کرانے کی مساعی کررہے ہیں ۔ راہول گاندھی ملک کی مختلف ریاستوں کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں کے مسائل کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ دہلی میں صفائی کرمچاری کے احتجاج میں شامل ہوگئے ۔ مہاراشٹرا کے ایک یونیورسٹی میں طلبہ سے ملاقات کی ہے اور پارلیمنٹ میں مختلف مسائل پر آواز اٹھاتے ہوئے جہاں این ڈی اے حکومت کو جھنجوڑ رہے ہیں وہیں وہ جس ریاست کا دورہ کررہے ہیں وہاں کی مقامی حکومتوں کو بھی نشانہ بنارہے ہیں ۔ تلنگانہ تحریک میں عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبہ نے اہم رول ادا کیا ہے ۔ تعلیم ، ملازمتیں اور زندگیاں قربان کی ہیں تاہم علحدہ تلنگانہ ریاست قائم ہونے کے بعد تشکیل پانے والی ٹی آر ایس حکومت نے طلبہ کے مسائل کو نظر انداز کردیا ہے ۔ کنٹراکٹ ایمپلائز کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے اعلان پر بھی طلبہ حکومت سے ناراض ہیں ۔ چند ماہ قبل کسانوں کے مسائل کا جائزہ لینے کے لیے نرمل کا دورہ کیا تھا تب ہی عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبہ کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے گاندھی بھون میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی ، ورکنگ پریسیڈنٹ مسٹر ملوبٹی وکرامارک سے ملاقات کرتے ہوئے راہول گاندھی کے دورہ میں عثمانیہ یونیورسٹی کو شامل کرنے کی یادداشت پیش کی تھی ۔ تاہم اس وقت لمحے آخر میں اپنے پروگرام کو تبدیل کرتے ہوئے حیدرآباد سے نرمل روانہ ہونے کے بجائے مہاراشٹرا کی سرحد سے نرمل پہونچے تھے ۔ اس وقت راہول گاندھی نے تلنگانہ کے کانگریس قائدین سے وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنے آئندہ کے دورے میں عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبہ سے ضرور ملاقات کریں گے ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل انتخابات اور ورنگل حلقہ لوک سبھا کے ضمنی انتخابات کے باعث راہول گاندھی اگست کے تیسرے ہفتے 21 اور 22 اگست کو تلنگانہ کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اس سلسلے میں تلنگانہ کے کانگریس قائدین سے مشاورت بھی کی جارہی ہے ۔ کانگریس کے قائدین راہول گاندھی کے دورہ میں عثمانیہ یونیورسٹی کو شامل کرانے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں ۔۔