راہول گاندھی کی گرفتاری کیخلاف کانگریس کا احتجاج

یوپی ، اتراکھنڈ اور گجرات میں احتجاج ، کانگریس کارکن گرفتار
لکھنؤ ۔ 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کی آج نئی دہلی میں گرفتاری کے خلاف کانگریس نے لکھنؤ میں احتجاجی دھرنا دیا اور وزیراعظم نریندر مودی کا پتلا نذرآتش کیا۔ صدر اترپردیش کانگریس راج ببر کی ہدایت پر راہول سندیش یاترا دھرنے میں تبدیل کردی گئی۔ ریاست کے مختلف مقامات پر کانگریس کارکنوں نے اپنے قائد کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا۔ پارٹی کے شعبہ مواصلات کے صدر ستیہ دیو ترپاٹھی نے کہا کہ یوتھ کانگریس کارکن جن کی قیادت ضلع ابلاغ کے صدرنشین انشیو اوستھی کررہے تھے، وزیراعظم کا پتلا یوپی سی سی ہیڈکوارٹرس کے قریب نذرآتش کیا گیا۔ اوستھی نے مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ جمہوریت کو کچلنے کی کوشش کررہی ہے اور عہد کیا کہ اس کے خلاف جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ مودی حکومت کے دوران ملک گیر سطح پر مظالم دیکھے جارہے ہیں۔ راہول گاندھی کی فوجیوں کیلئے جدوجہد کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں جبکہ کانگریس قائد مصیبت زدہ عوام کے حقوق کیلئے لڑ رہے ہیں اور اپنی لڑائی جاری رکھیں گے۔ دہرہ دوون سے موصولہ اطلاع کے بموجب اتراکھنڈ کانگریس نے آج نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کی دہلی میں گرفتاری کے خلاف راج بھون تک احتجاجی جلوس نکالا اور کہا کہ جمہوریت میں اس طرح کے جابرانہ الزامات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ کل ہند کانگریس کے جنرل سکریٹری انچارج پارٹی امور اتراکھنڈ امبیکاسونی، چیف منسٹرہریش راوت اور صدر پردیش کانگریس کشور اپادھیائے نے گورنر ہاؤس تک احتجاجی جلوس نکالا اور خودکشی کرنے والے فوجی کے ورثا سے ملاقات کی۔

امبیکا سونی نے راج بھون کی گیٹ پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ثابت ہوتا ہیکہ مرکزی حکومت لاٹھیوں اور کوڑوں کی حکومت ہے اور ان کی مدد سے لوگوں کو دھمکانے میں یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابق فوجی کی خودکشی کو راہول گاندھی کی گرفتاری کے ذریعہ سیاسی رنگ دیدیا گیا ہے۔ وڈودرا سے موصولہ اطلاع کے بموجب راہول گاندھی کی گرفتاری کے خلاف قائد اپوزیشن مجلس بلدیہ وڈودرا چندرکانت بھتو کو کھانڈے راؤ مارکٹ میں احتجاج کرنے پر گرفتار کرلیا گیا۔ احتجاج کے حصہ کے طور پر پارٹی کارکنوں نے راج محل روڈ کی 30 منٹ تک ناکہ بندی کی۔ بعدازاں پولیس نے قائدین کو گرفتار کیا۔ احتجاجی راہول گاندھی کی گرفتاری کی مذمت کررہے تھے۔
ساکھ ذرائع ابلاغ کا سب سے بڑا چیلنج : وزیراعظم
نئی دہلی ۔ 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے دور میں ذرائع ابلاغ کیلئے سب سے بڑا چیلنج ان کی ساکھ برقرار رکھنا ہے۔ وہ رامناتھ گوئنکا مہارت ایوارڈس صحافیوں کو دینے کے بعد خطاب کررہے تھے۔ اس تقریب کا انڈین ایکسپریس نے اہتمام کیا تھا۔