حیدرآباد۔5 ڈسمبر (سیاست نیوز) انتخابی ضابطہ اخلاق کی پابندی کرتے ہوئے صدر کانگریس راہول گاندھی نے شام ٹھیک 5 بجے اپنی پریس کانفرنس کو ختم کردیا۔ اگرچہ اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندے ان سے کئی سوالات کرنے کی تیاری کرچکے تھے لیکن جیسے ہی پارٹی کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے انتخابی ضابطہ اخلاق کے مطابق 5 بجے مہم ختم کرنے کی جانب توجہ دلائی تو راہول گاندھی نے فوری اپنی پریس کانفرنس کو روکتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور ڈائس سے نیچے اترگئے۔ مقررہ پروگرام کے مطابق پریس کانفرنس کو 4 بجے شروع ہونا تھا لیکن 15 منٹ تاخیر سے آغاز ہوا۔ راہول گاندھی اور چندرا بابو نائیڈو نے بہ مشکل دو دو منٹ بات کی اور سوالات کی خواہش کی تاہم عوامی اتحاد میں شامل جماعتوں کے نمائندوں نے بھی اظہار خیال کی خواہش کی۔ انہیں مختصر اظہار خیال کی اجازت دی گئی لیکن وہ قائم نہیں رہے جس کی وجہ سے کافی وقت گزرگیا اور راہول گاندھی صحافیوں کے سوالات کا جواب نہیں دے سکے۔ چندرا بابو نائیڈو اور جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کنتیا نے وقت کی پابندی کے لیے کافی کوشش کی۔ کنتیا تو اپنی نشست سے اٹھ کر حلیف پارٹیوں کے قائدین کی کرسی تک پہنچ گئے اور انہیں تقریر ختم کرنے کا مشورہ دیا لیکن کسی نے بھی توجہ نہیں دی۔ اس صورتحال پر راہول گاندھی صرف مسکرارہے تھے۔