راہول گاندھی کی شہریت پر سوال افسوسناک: ملو روی

مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے خلاف کارروائی کرنے الیکشن کمیشن سے مطالبہ
حیدرآباد ۔ یکم مئی (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے صدر کانگریس راہول گاندھی کی شہریت کے بارے میں وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے بیان پر سخت تنقید کی۔ پارٹی کے نائب صدر ملو روی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے راہول گاندھی کی قومیت پر سوال اٹھاتے ہوئے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا ہر شہری جانتا ہے کہ راہول گاندھی ہندوستان کے سپرد ہیں اور وہ کانگریس پارٹی کے صدر ہیں۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد عوام انہیں وزیراعظم کی صورت میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ ملو روی نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے باوجود راج ناتھ سنگھ کا یہ بیان دراصل سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی اور ان کے خاندان نے ملک کے لئے قربانیاں دی ہیں ، لہذا بی جے پی کے پروپگنڈہ کا عوام پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر راج ناتھ سنگھ کے خلاف ضروری کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی عوامی تائید سے محروم ہوچکی ہے جس کے نتیجہ میں راہول گاندھی اور ان کے خاندان پر شخصی حملے کئے جارہے ہیں ۔ راہول اور پرینکا کی انتخابی مہم سے بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔