راہول گاندھی کی سیما آندھرا وزراء سے بات چیت

حیدرآباد ۔ 17 فبروری ۔ (سیاست نیوز ) تلنگانہ بل کو پارلیمنٹ میں منظور کرانے کیلئے لمحے آخر میں کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی بھی میدان میں اُتر گئے ۔ سیما آندھرا کی نمائندگی کرنے والے مرکزی وزراء اور کانگریس ارکان پارلیمنٹ سے شام میں دیڑھ گھنٹہ تک راہول گاندھی نے ملاقات کی ۔ برطرف شدہ ارکان پارلیمنٹ کو اجلاس میں مدعو نہیں کیا گیا جبکہ مملکتی وزیر ریلوے کوٹلہ سوریہ پرکاش ریڈٍ اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔ سیما آندھرا کے قائدین نے حیدرآباد کو مرکز کا زیرانتظام علاقہ بنانے کے علاوہ سیما آندھرا کی ترقی کیلئے چند مطالبات پیش کئے اور قبول کرنے پر ریاست کی تقسیم سے اتفاق کرنے اور راہول گاندھی سے اپنی توقعات وابستہ کرنے کا اعلان کیا ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی سرگرمیاں دہلی میں اپنے انجام کے قریب پہونچ چکی ہیں، مرکزی حکومت نے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو یقینی بنانے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ اصل اپوزیشن بی جے پی کے اہم قائدین سے مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے اور مرکزی وزیر جئے رام رمیش نے ملاقات کی ۔ اس کے علاوہ سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے بھی جئے رام رمیش نے ملاقات کی ۔

پارلیمنٹ کے احاطے میں صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی نے تلنگانہ کی تائید کرنے وینکیا نائیڈو سے اپیل کی ۔ شام میں دیڑھ گھنٹہ تک کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے سیما آندھرا کے مرکزی وزراء اور ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات کی ۔ اس اجلاس میں مرکزی وزراء مسٹر کے ایس راؤ ، کشور چند دیو، پلم راجو ، کے چرنجیوی ، جے ڈی سلم ، پورندیشوری ، پناباکالکشمی ، کلی کروپارانی نے شرکت کی ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ سیما آندھرا کے قائدین نے حیدرآباد کو مختصر عرصہ کیلئے مرکز کا زیرانتظام علاقہ بنانے کا مطالبہ کیا۔