راہول گاندھی کی دیوریا سے دہلی سے مہایاترا

نئی دہلی 29 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی 6 ستمبر سے اتر پردیش میں دیوریا شہر سے دہلی تک اپنی مہایاترا کا آغاز کرینگے ۔ یہ یاترا یو پی اسمبلی انتخابات سے قبل عوام تک رسائی کے مقصد سے منعقد کی جا رہی ہے جس میں 233 اسمبلی حلقوں کا احاطہ کیا جائیگا ۔ راہول گاندھی کے پروگرام کا کل ہند کانگریس جنرل سکریٹری غلام نبی آزاد نے اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی اتر پردیش کے 39 اضلاع سے گذرینگے اور 2,500 کیلومیٹر فاصلہ طئے کرینگے ۔ یہ یاترا تقریبا ایک ماہ جاری رہے گی ۔ مہایاترا کا منصوبہ ‘ گذشتہ ماہ کانگریس صدر سونیا گاندھی کے وارناسی میں کامیاب روڈ شو کے بعد تیار کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ریاست میں پارٹی کے ریاستی قائدین کی دو یاترائیں بھی چل رہی ہیں۔غلام نبی آزاد نے کہا کہ مہایاترا کے دوران کوئی بڑا عوامی جلسہ منعقد نہیں کیا جائیگا ۔ راہول گاندھی راستہ میں ریلیوں سے خطاب کرینگے اور روڈ شوز میں بھی حصہ لینگے ۔ اس سوال پر کہ آیا وہ ایودھیا بھی جائیں گے ‘ آزاد نے کہا کہ وہ راستے میں مختلف مقامات جائیں گے لیکن کوئی تنازعہ پیدا نہیں کیا جائیگا ۔