راہول گاندھی کی تلنگانہ و آندھرا پردیش کا دورہ کرنے کی خواہش

اترپردیش میں کانگریس کی انتخابی مہم ، محمد علی شبیر ، ملوبٹی وکرامارک اور دیگر کی ملاقات
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : قائد اپوزیشن مسٹر کے جانا ریڈی اور مسٹر محمد علی شبیر کی قیادت میں تلنگانہ کانگریس قائدین کے ایک وفد نے اترپردیش پہونچکر انتخابی مہم چلانے والے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی سے ملاقات کی ۔ انتخابی جلسوں سے خطاب کیا اور دارالعلوم دیوبند کا دورہ بھی کیا ۔ تلنگانہ کی تازہ سیاسی صورتحال سے راہول گاندھی کو واقف کرایا ۔ وفد میں ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ملوبٹی وکرامارک سابق وزیر مسٹر ڈی سریدھر بابو سابق ارکان اسمبلی مسرس مہیشور ریڈی ، جی وینکٹ رمنا ریڈی اور انیل کے علاوہ دوسرے قائدین بھی شامل تھے ۔ محمد علی شبیر نے بتایا کہ تلنگانہ کے کانگریس قائدین نے راہول گاندھی کے ساتھ مظفر نگر ، سہارنپور اور شاملی میں منعقد کردہ جلسوں میں شرکت کی اور خطاب بھی کیا ۔ سہارنپور میں راہول گاندھی نے تلنگانہ کے کانگریس قائدین سے ملاقات کی اور ان کی ( راہول گاندھی ) کی جانب سے اترپردیش میں چلائی جانے والی انتخابی مہم پر عوام میں پائے جانے والے ردعمل کے بارے میں معلومات حاصل کی ۔ اور تلنگانہ کے کانگریس قائدین سے دریافت کیا کہ وفد میں شامل کوئی قائدین ماضی میں اترپردیش کی انتخابی مہم حصہ لے چکے ہیں جس پر محمد علی شبیر نے بتایا کہ وہ اترپردیش میں تین اضلاع کے انچارج کی حیثیت سے انتخابی مہم میں حصہ لے چکے ہیں ۔ راہول گاندھی نے تلنگانہ کے کانگریس قائدین سے ان کی اپنی انتخابی مہم کو مزید متاثر کن بنانے کے لیے تجاویز طلب کی ۔ کانگریس قائدین نے تلنگانہ کی تازہ سیاسی صورتحال سے بالخصوص زرعی بحران کسانوں کے مسائل اور خشک سالی و حالیہ بارش سے زرعی شعبہ کو ہوئے نقصانات سے کانگریس کے نائب صدر کو واقف کرایا

 

جس پر انہوں نے تعجب کا اظہار کیا ۔ راہول گاندھی نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ۔ راہول گاندھی نے ضلع عادل آباد میں منعقد کردہ ریتو سبھا کی کامیابی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ریالیاں ، جلسے مایوس کسانوں میں حوصلہ افزائی کا باعث بنتے ہیں ۔ انہوں نے مرکزی و ریاستی حکومتوں پر کسانوں کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا ۔ مسٹر راہول گاندھی نے تلنگانہ کانگریس قائدین کے دورے اترپردیش اور جلسہ عام سے خطاب کرنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اپنی تقریر میں ’ شکریہ ‘ تلنگانہ کے لفظ کا استعمال کیا ۔ بعد ازاں تلنگانہ کے کانگریس قائدین نے راہول گاندھی کے ساتھ دارالعلوم دیوبند کا دورہ کیا ۔ جہاں روایتی انداز میں خیر مقدم کیا گیا ۔ راہول گاندھی نے قدیم اور جدید دارالعلوم کے طلبہ اور سربراہوں سے ملاقات کی ۔ راہول گاندھی کا بڑی گرمجوشی سے خیر مقدم کیا گیا ۔۔