نئی دہلی، 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) رافیل طیارہ سودا کے سلسلے میں اپوزیشن کے مسلسل حملوں کا سامنا کر رہی بی جے پی نے آج الزام لگایا کہ کانگریس کے صدر راہول گاندھی کو وزیر اعظم بنانے کے لئے پاکستان سے مہم چلائی جارہی ہے۔ بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا نے یہاں پریس کانفرنس میں پاکستان کے لیڈروں کے ٹوئٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے مسٹر گاندھی کو وزیر اعظم بننے کے سلسلے میں ٹوئٹ کیا ہے ۔ مسٹر پاترا نے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان بھی ٹوئٹ کرکے وزیر اعظم نریندر مودی کو چھوٹا آدمی بتاچکے ہیں۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ ملک میں بدعنوانی کے حق میں کھڑے لوگ بھی چاہتے ہیں کہ کانگریس صدر آگے بڑھیں۔انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں ملک کے عام لوگ گاندھی کو وزیر اعظم کے طور پر برقرار دیکھنا چاہتے ہیں۔ لیکن پاکستان گاندھی کو اس عہدہ پر فائز کرنے کے حق میں ہے ۔ دلت ، پسماندہ اور محروم افراد مسٹر مودی کو وزیر اعظم کے عہدہ پر برقرار دیکھنا چاہتے ہیں۔مسٹر پاترا نے کہا ملک کے حالات پر وقتاً فوقتاً کانگریس کے لیڈروں نے جس طرح کے بیانات دئے ہیں اور پاکستان کے لیڈروں نے اس کی جس طرح حمایت کی ہے یہ صرف اتفاق نہیں ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ہندوستانی فوج کے سرجیکل اسٹرائیک کے سلسلے میں کانگریس صدر نے سیاست کی تھی اور فوج کا مذاق اڑایا تھا۔ مسٹر پاترا نے کہا کہ پہلے پاکستان کے وزیر اطلاعات نے راہل گاندھی کے ٹوئٹ کا استعمال کیا اس کے بعد پاکستان کے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک ٹوئٹ کررہے ہیں۔اس سے پہلے بی جے پی کے سینئر لیڈراور وزیر قانون روی شنلر پرساد نے الزام لگایا تھا کہ مسٹر گاندھی رافیل طیارہ سودے کی رازداری کو عام کرنے کا مطالبہ کرکے پاکستان کو اس کی اطلاعات دینا چاہتے ہیں۔