کمیونسٹ امیدوار دستبردار نہیں ہوگا ۔ ایس سدھاکر ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ یکم اپریل ( پی ٹی آئی ) بائیں بازو کا محاذ کانگریس کے صدر راہول گاندھی کو ویاناڈ میں شکست دینے کیلئے ہر ممکن کوشش کریگا اور اس کے امیدوار کو دستبردار کرلینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ سی پی آئی جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے آج یہ بات بتائی ۔ کانگریس نے کل اعلان کیا تھا کہ راہول گاندھی امیتھی کے علاوہ کیرالا میں ویاناڈ حلقہ سے بھی مقابلہ کرینگے ۔ کیرالا میں برسر اقتدار لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ نے سی پی آئی کے پی پی سونیر کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے ۔ ایل ڈی ایف میں سی پی آئی دوسری بڑی حلیف جماعت ہے ۔ سدھاکر ریڈی نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہم کو راہول گاندھی کی امیدواری کی فکر نہیں ہے ۔ ہم مقابلہ کرینگے ۔ ہم اس الیکشن میں انہیں شکست دینے کی ہر ممکن کوشش کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی 10 اپریل کو ویاناڈ کا دورہ کرینگے تاکہ ایل ڈی ایف امیدوار کی انتخابی مہم میں حصہ لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کے حق میں کمیونسٹ امیدوار کی دستبرداری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ ہم مقابلہ کرینگے ۔ ہم اس حلقہ سے کامیابی حاصل کرنے کی ہر ممکن جدوجہد کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کو دوسرے حلقے سے مقابلہ کرنا ہی تھا تو وہ کسی اور حلقے کا انتخاب کرتے جہاں بی جے پی طاقتور ہے ۔ وہ کیرالا کی بجائے کرناٹک میں کسی حلقے سے مقابلہ کا فیصلہ بھی کرسکتے تھے ۔