راہول گاندھی کو آلیر انکاونٹر مہلوکین کے افراد خاندان سے بھی ملاقات کا مشورہ

کسانوں سے ملاقات کی تجویز کا خیر مقدم ، سید یوسف ہاشمی سکریٹری تلنگانہ پی سی سی کا بیان
حیدرآباد ۔ یکم ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر سید یوسف ہاشمی نے تلنگانہ میں پریشان حال کسانوں سے راہول گاندھی کے ملاقات کے پروگرام کا خیر مقدم کیا اور آلیر انکاونٹر میں ہلاک ہونے والے 5 مسلم قیدیوں کے ارکان خاندان سے بھی ملاقات کرنے کا راہول گاندھی سے مطالبہ کیا ۔ مسٹر سید یوسف ہاشمی نے کہا کہ این ڈی اے کے دور حکومت میں یقیناً ملک زرعی بحران کا شکار ہوچکا ہے ۔ تلنگانہ کے بشمول ملک کے کئی حصوں میں کسان خود کشی کررہے ہیں ۔ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی ملک کے مختلف مقامات کا دورہ کرتے ہوئے مسائل سے دوچار کسانوں سے ملاقات کررہے ہیں ان کے مسائل کو پارلیمنٹ میں موضوع بحث بنا رہے ہیں ۔ راہول گاندھی کا یہ اقدام قابل ستائش ہے ۔ جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے ۔ راہول گاندھی کے دورے سے ریاستی حکومتیں چوکس ہورہی ہیں اور مرکز پر بھی دباؤ بڑھ رہا ہے ۔ راہول گاندھی 10 اور 11 مئی کو تلنگانہ کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں سے ملاقات کرنے والے ہیں وہ راہول گاندھی سے اپیل کرتے ہیں کہ تلنگانہ ریاست کے آلیر میں پولیس نے 5 زیر دریافت مسلم قیدیوں کا سفاکانہ قتل کیا گیا ، جس سے مسلم سماج میں حکومت اور پولیس کے خلاف غم و غصہ کی لہر پائی جاتی ہے ۔ مسٹر یوسف ہاشمی نے کہا کہ وہ پانچ مسلم نوجوان دہشت گرد ہیں یا نہیں اس کا فیصلہ عدالت کرے گی ۔ پولیس کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے کا کوئی اختیار نہیں ہے ۔ پولیس نے 5 مسلم قیدیوں کو ورنگل جیل سے حیدرآباد عدالت میں پیش کرنے کے دوران راستے میں قتل کیا ہے ۔ اس پر کئی شکوک ہیں ۔ آل انڈیا کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج تلنگانہ کانگریس امور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے آلیر انکاونٹر کی سخت مذمت کرتے ہوئے انکاونٹر کے معاملے میں تلنگانہ کو گجرات سے بدتر ریاست قرار دیا ہے اور اس کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ قائد اپوزیشن راجیہ سبھا مسٹر غلام نبی آزاد کی ایماء پر کل راجیہ سبھا میں کانگریس کے رکن راجیہ سبھا مسٹر ایم اے خان نے آلیر انکاونٹر کو موضوع بحث بنایا ہے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کیپٹن اتم کمار ریڈی و سابق مرکزی وزیر مسٹر ایس جئے پال ریڈی نے بھی اس کی مذمت کی ہے ۔ قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر محمد علی شبیر نے بھی اس کی سخت مذمت کی ہے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی ایس آئی ٹی کو آنسو پونچھنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے اس کی سی بی آئی یا برسر خدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ راہول گاندھی اپنے دورے کے دوران انکاونٹر میں ہلاک مسلم قیدیوں کے ارکان خاندان سے ملاقات کرتے ہیں تو مسلمانوں میں اچھا پیغام جائے گا اور کانگریس پارٹی پر مسلمانوں کا اعتماد بحال ہوگا ۔۔