حیدرآباد 3 جون ( پی ٹی آئی ) سینئر کانگریس لیڈر سلمان خورشید نے آج کہا کہ پارٹی راہول گاندھی کو صدارت سے مستعفی ہونے کی اجازت دینے کی متحمل نہیں ہوسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا متبادل پارٹکی میں ملنا مشکل ہے ۔ راہول گاندھی نے 25 مئی کو کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں عہدہ صدارت سے مستعفی ہونے کی پیشکش کی تھی کیونکہ لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ اس سوال پر کہ آیا پارٹی صدارت پر راہول گاندھی کا برقرار رہنا ہی کیا واحد امکان ہے کہ پارٹی کو آگے لیجایا جاسکے سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ یقینی طور پر ایسا ہی سوچتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی راہول گاندھی کو مستعفی ہونے کی اجازت دینے کی متحمل نہیں ہوسکتی جو سمجھا جاتا ہے کہ استعفے کے فیصلے پر اٹل ہیں اور اس پر نظر ثانی کیلئے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں راہول گاندھی کا برقرا ررہنا ضروری ہے اور اگر ان کا متبادل تلاش کرنا نا ممکن نہیں تو انتہائی مشکل ضرور ہے ۔